شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں بمباری 30دہشت گرد ہلاک،5ٹھکانے تباہ

شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں بمباری 30دہشت گرد ہلاک،5ٹھکانے تباہ

راولپنڈی/اسلام آباد/میران شاہ(اے این این)شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں پاک فضائیہ کی بمباری سے مزید30دہشتگرد ہلاک ہوگئے ہیں،خیبر ایجنسی اورشمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے 5ٹھکانے بھی تباہ کردئے گئے ہیں۔قبائلی عمائدین نے فوجی آپریشن اور پاک فوج کی حمایت کا اعلان کر دیا،وزیر اعظم نے بے گھر افراد کو چک پوائنٹس پر ایمرجنسی رقم فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری بیان کے مطابق شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب پاک فوج کے منصوبے کے مطابق جاری ہے۔تازہ کارروائی میں شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں فضائی حملوں میں دہشت گردوں کے پانچ ٹھکانوں کو نشانہ بنایاگیا ہے جس کے نتیجے میں تیس دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ بیان کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کی درمیان شب رات دو بجے کے قریب خیبر ایجنسی میں پاک افغان سرحد کے قریب دہشت گردوں کے دو اہم ٹھکانوں کو نشانہ بنایاگیا جس کے نتیجے میں دس دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں۔ ہفتہ کی صبح پانچ بجے شمالی وزیرستان کے علاقے حسو خیل میں فضائی کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں تین ٹھکانے تباہ ہوئے اور پندرہ دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ یہ کارروائیاں ایسی علاقوں میں کی گئی ہیں جہاں سویلین آبادی نہیں تھی۔فضائی حملوں میں کسی عام شہری کی ہلاکت نہیں ہوئی ۔دریں اثناء.وزیراعظم نواز شریف نے آئی ڈی پیزکو فوری طور پر چیک پوائنٹس پر ایمرجنسی نقد رقم دینے کی ہدایت کردی ہے.وزیراعظم سیکرٹریٹ کو دی جانے والی ہدایت میں کہا گیا ہے کہ آئی ڈی پیز کو فوری طور پر چیک پوائنٹس پر ہی ایمرجنسی نقد رقم دی جائے۔وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ آئی ڈی پیز کو امداد کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے دیگراداروں سے بھی رابطہ رکھا جائے۔پاک فوج نے ایک دن کی تنخواہ آئی ڈی پیز کے لئے عطیہ کرنے کااعلان کیا ہے جبکہ فوج کی طرف سے انہیں تیس روز کے لئے راشن بھی فراہم کیا ہے۔ادھر شمالی وزیرستان کے علاقوں میران شاہ،میر علی اور دتہ خیل کے عمائدین نے فوجی آپریشن اور پاک فوج کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔یہ بات سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عاصم باجوہ نے کہی۔انھوں نے ٹویٹ میں کہا کہ شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ، میر علی اور دتہ خیل کے عمائدین نے فوجی آپریشن کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ عمائدین نے اعادہ کیا کہ وہ دہشت گردوں کو دوبارہ شمالی وزیرستان میں آنے نہیں دیں گے۔

مزید : صفحہ اول


loading...