ضرب عضب، اب تک 3لاکھ 54 ہزار افراد نقل مکانی کرچکے ہیں: فاٹا ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے اب تک تین لاکھ 54 ہزار 612 افراد نقل مکانی کر چکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب کو شروع ہوئے ایک ہفتہ مکمل ہو چکا ہے اور آپریشن سے پہلے ہی ایجنسی سے نقل مکانی کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا جو اب تک جاری ہے۔فاٹا ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق اب تک تین لاکھ 54 ہزار 612 افراد نقل مکانی کر چکے ہیں، ان میں ایک لاکھ دس ہزار 491 خواتین، ایک لاکھ 51 ہزار 331بچے اور 92 ہزار 790 مرد ہیں۔ نقل مکانی کرنے والوں کے لیے ایف آر بنوں کے علاقے بکا خیل میں سرکاری کیمپ قائم کیا گیا ہے تاہم چند ہی خاندان اس کیمپ میں مقیم ہیں۔ بیشتر خاندان بنوں اور دیگر قریبی اضلاع جارہے ہیں اور کرائے کے گھروں یا پھر رشتے داروں کے ہاں قیام کو تر جیح دے رہے ہیں۔