بھارتی چینل اب پاکستانی ڈرامے دکھا ئیں گے

بھارتی چینل اب پاکستانی ڈرامے دکھا ئیں گے
بھارتی چینل اب پاکستانی ڈرامے دکھا ئیں گے

  


لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستانی ڈرامے اب بھارتی ٹی وی چینل پر نشر کئے جائیں گے، جس کی باقاعدہ نشریات کا آغاز کل سے ہوگا، تعارفی نشریاتی دیکھ کر بھارتی عوام نے پسندیدگی کا اظہار کیا ہے جبکہ پاکستانی فنکاروں کو اب بھارت میں بھی شناخت مل جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے پرائیوٹ چینلز پر بھارتی ٹی وی شوز، ڈرامے اور فلمیں معمول کے مطابق دکھائی جارہی ہیں لیکن اب پاکستانی ٹی وی شوز بھی بھارتی ٹی وی سکرین پر پیش کئے جائیں گے اور یہ پہلا موقع ہوگا جب پاکستانی ڈرامے اور ٹی وی شوز خریدے گئے ہیں۔اس کے علاوہ مشترکہ طور پر 12 ٹیلی فلمز بھی بنائی جارہی ہیں جو 6 بھارت اور 6 پاکستان میں پروڈیوس ہوں گی، چینل کی افتتاحی تقریب میں پاکستانی نامور اداکار عمران عباس نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ ابتدائی نشریات میں پاکستانی ڈرامے، زندگی گلزار ہے، عون زارا، ننھی، کاش میں تیری بیٹی نا ہوتی ودیگر ڈرامے آن ایئر ہورہے ہیں، پاکستان کے مختلف پروڈیوسرز سے 4000 گھنٹوں کا مواد خرید لیا ہے۔زی نیٹ ورک کے پونیت کا کہنا ہے کہ زی ٹی وی کو پاکستان میں چلانے کی اجازت نہیںہے اور جب بھی قواعد میں تبدیلی ہوئی تو زی نیٹ ورک پاکستان میں ضرور چلائے گا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران عباس کا کہنا تھا کہ پاکستانی ڈرامے حقیقت سے بہت قریب ہوتے ہیں اور یہاں انڈیا میں بھی پاکستانی ڈرامے پسند کئے جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں اس وقت بہت ہی معیاری اور اچھا کام ہورہا ہے جس کی وجہ سے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے ڈرامے پوری دنیا میں پسند کئے جاتے ہیں جب بھارت میں لوگ پاکستانی فنکاروں کے کام کو دیکھیں گے تو لازماً داد دئیے بغیر نہیں رہیں گے۔ اداکار جاوید شیخ کا کہنا ہے کہ پاکستانی ڈراموں کا انڈیا میں چلنا خوش آئند ہے اس سے ہمارے فنکاروں کو بین الاقوامی سطح پر مقبولیت حاصل ہوگی جبکہ ہمارا ٹیلنٹ بھی متعارف ہوگا۔ اداکار مصطفیٰ قریشی کا کہنا تھا کہ بھارتی چینل پر ہمارے ڈراموں کے آن ایئر ہونے سے ہماری ثقافت ہماری تہذیب سے بھارتی عوام بھی روشناس ہوگی، ہماری قوم نے تو بھارتی فلمیں اور ڈرامیں دیکھ دیکھ ان کی ثقافت اور تہذیب اپنانی شروع کردی تھی۔ ڈرامہ رائٹر سیما غزل کا کہنا تھا کہ اس سے جہاں فنکاروں کو شناسائی ملے گی وہاں ڈرامہ رائٹرز کا کام بھی دیگر ممالک میں مقبول ہوگا۔ اداکارہ عمائمہ ملک کا کہنا تھا کہ بھارتی چینل پر پاکستانی ڈرامے چلنے سے بھارت میں پاکستانی فنکاروں کو کام کے موقع ملنے شروع ہوں گے کیونکہ بھارتی انڈسٹری ٹیلنٹ کی قدر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں اور بھارتی چینل پر پاکستانی ڈرامے چلنے سے پاکستانی فنکاروں کی ڈیمانڈ میں بھی اضافہ ہوگا۔

مزید : تفریح


loading...