میں نے مستقل طور پر آنے کا وعدہ پورا کر دیا ، اب لوگوں کی باری ہے :طاہرالقادری لندن سے دبئی روانہ ، کل اسلام آباد پہنچیں گے

میں نے مستقل طور پر آنے کا وعدہ پورا کر دیا ، اب لوگوں کی باری ہے :طاہرالقادری ...
میں نے مستقل طور پر آنے کا وعدہ پورا کر دیا ، اب لوگوں کی باری ہے :طاہرالقادری لندن سے دبئی روانہ ، کل اسلام آباد پہنچیں گے

  


لندن (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان عوامی تحریک اور منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری پاکستان واپس آنے کے لئے لندن سے دبئی روانہ ہو گئے ہیں ،ایمریٹس ایئر لائن کی یہ پرواز رات سوا ایک بجے دبئی پہنچے گی،وہاں کچھ دیر قیام کے بعد ڈاکٹر طاہر القادری صبح سوا چار بجے پاکستان کے لئے روانہ ہوں گے اورکل صبح ساڑھے سات بجے کے قریب اسلام آباد پہنچیں گے ۔روانگی سے قبل لندن کے ہیتھرو ایئر پورٹ پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہاکہ میں نے مستقل طور پر پاکستان آنے کا وعدہ پورا کر دیا ہے اب واپسی نہیں ہوگی ،انقلاب کو اب کوئی نہیں روک سکتا یہ عوام کا مقدر بن چکا ہے ، کارکنوں نے خون دے کر انقلاب کا آغاز کر دیا ہے ۔ انہو ں نے کارکنوں پر گولیاں برسانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم کسی قسم کا خون خرابہ نہیں چاہتے لیکن کارکنوں کو تشدد پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ پنجاب حکومت نے استقبال سے کارکنوں کو روکنے کے لئے رات گئے چھاپے مار کر متعدد رہنماﺅں اور کارکنوں کو گرفتار کر لیا ہے ، جیالوں کو اسلام آباد پہنچنے سے روکا جا رہا ہے اور جگہ جگہ رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں ۔ ڈاکٹر طاالقادری نے کہا کہ وہ پرامن طریقے سے لاہور جانا چاہتے ہیں ، ہمارا راستہ تشدد کا نہیں امن اور روشنی کا ہے لیکن حکومت پتہ نہیں کیوں بوکھلا گئی ہے، حکمران رکاوٹیں ڈال کر اپنے اقتدار کی قبر خود کھود رہے ہیں۔طاہر القادری نے کہا کہ وہ غریبوں کے حقوق کے لئے آخری حد تک جائیں گے،انقلاب کی جدو جہد کے دوران انہیں یا ان کے کسی کارکن کو قتل کیا گیا تو اب جنازے وزیراعظم ہاوس میں ہوں گے۔

مزید : بین الاقوامی /Headlines


loading...