سانحہ لاہور،طاہرہ آصف کے قتل جیسے جھٹکوں سے جمہوریت ڈی ریل بھی ہو سکتی ہے:ایم کیو ایم
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فاروق ستار نے عوامی تحریک کے کارکنوں کو اسلام آباد آنے سے روکنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ جلسے جلوس ،استقبال،اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے،حکمرانوں کا رویہ کسی بھی طرح جمہوری نہیں ہے۔ یہاں رابطہ کمیٹی کی ایک ہنگامی پریس کانفرنس کے دوران فاروق ستار نے کہا کہ کسی جماعت کو سیاسی حق سے محروم رکھنا ظلم ہے ،عوامی تحریک کے کارکنوں کو ان کے قائد کے استقبال سے روکا اور گرفتار کیا جا رہا ہے، حکومت انہیں سہولتیں فراہم کرتی تو کریڈٹ ملتا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوامی تحریک کے گرفتار کارکنوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور طاہر القادری کی آمد پرامن اور خوش اسلوبی سے ہونی چاہئے۔ سانحہ ماڈل ٹاﺅن پر حکمرانوں کی جانب سے سیاسی اورجمہوری رویہ نظر نہیں آیا،ایم کیو ایم کو جمہوری حکومت کے اس روئیے پر انتہائی تشویش ہے،ہم امن اور جمہوریت کے ساتھ ہیں۔ فاروق ستار نے کہاکہ ایسا لگ رہا ہے کہ ملک میں کوئی حکومت نہیں اور پاکستان پولیس سٹیٹ ہے،موجودہ ملکی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بابر غوری نے کہا کہ سانحہ لاہور کے ذمے داران اور اور طاہرہ آصف کے قاتل ابھی تک گرفتار نہیں ہوئے، ایسے واقعات حکومت اور جمہویت کے لئے ایک جھٹکا ہیں، ایسے جھٹکوں کی وجہ سے جمہوریت ڈی ریل بھی ہو سکتی ہے۔متحدہ قومی موومنٹ نے اپنے ایم این اےز ،سینیٹرز کی ایک روز کی تنخواہ آئی ڈی پیز کو دینے کا اعلان کیا ہے۔