بھارت کا ’ریڈ اینڈ وائیٹ ‘خاندان
بنگلور (نیوز ڈیسک) کہتے ہیں شوق کا کوئی مول نہیں ہوتا، بھارتی شہر بنگلور سے تعلق رکھنے والے شہری ”سیون راج“ پر یہ بات پوری بیٹھتی ہے۔ سب سے پہلے تو ”سیون راج“ کی زندگی کا آغاز ہی انوکھا ہوا کہ باپ نے اس کا نام ہی ”7 راج“ رکھ دیا کیونکہ گھر میں وہ ساتواں بچہ تھا۔ جیسے جیسے وہ بڑا ہوتا گیا، اسے لال اور سفید رنگوں سے پیار ہوتا گیا۔ ”سیون راج“ پیشے کے لحاظ سے رئیل اسٹیٹ ایجنٹ ہے اور ابتداءمیں تو وہ ”ریڈ اینڈ وائٹ“ رنگ اپنی مشہوری کے لئے استعمال کرتا تھا لیکن آہستہ آہستہ یہ شوق نشہ بنتا گیا اور اب یہ لال اور سفید کپڑے پہنتا ہے، گاڑی کے رنگ بھی یہی ہے اور گھر سمیت اس میں موجود تمام اشیاءکے بھی، دلچسپ بات یہ ہے کہ گھر کے تمام افراد بھی ان ہی رنگوں کے کپڑے پہنتے ہیں۔ یہاں تک کہ گھر میں کانٹے، چمچ اور پلیٹس بھی ”ریڈ اینڈ وائٹ“ ہی ہیں۔ اب سیون راج علاقے میں کسی فلمی ستارے کی سی حیثیت اختیار کرچکا ہے اور آئے دن مختلف اخبارات و چینلز کے نمائندے اس کے انٹرویو کے لئے آتے رہتے ہیں۔ سیون راج کا کہنا ہے کہ یہ مشہوری اسے بے حد اچھی لگ رہی ہے اور اس کا خواب پورا ہورہا ہے۔