نوجوان کرکٹر صاحبزادہ فرحان انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کیلئے تیار

نوجوان کرکٹر صاحبزادہ فرحان انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کیلئے تیار

  

کراچی (یو این پی)پاکستان سپرلیگ کے تیسرے ایڈیشن میں نام بنانے والے نوجوان بیٹسمین صاحبزادہ فرحان کا خیال ہے کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کیلئے تیار ہیں۔ گزشتہ روز ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل سے انہیں غیر ملکی کھلاڑیوں اور سینئر قومی کرکٹرز کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملا جس کا انہیں کافی فائدہ ہوا۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل تھری کے فائنل میں صاحبزادہ فرحان نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے 33 گیندوں پر 44 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ انہیں طویل فارمیٹ کی کرکٹ میں اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی ضرورت ہے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے کوچ ڈین جونز نے انہیں مشورہ دیا ہے کہ وہ اسٹرائیک روٹیشن پر کام کریں لہٰذا وہ اس خامی کو دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ صاحبزادہ فرحان کا کہنا تھا کہ ان کا مختصر اوورز کے فارمیٹ میں اچھا ڈومیسٹک ریکارڈ ہے۔

لیکن وہ چاہتے ہیں کہ چار روزہ میچز میں بھی اپنی کارکردگی بہتر بنائیں۔نوجوان بیٹسمین کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں ٹی ٹوئنٹی ،ون ڈے اور اب تو ٹی ٹین مقابلے بھی ہونے لگے ہیں لہٰذا ناقدین کو ایسا لگتا ہے کہ وہ صرف مختصر فارمیٹ کے کرکٹر ہیں لیکن وہ فرسٹ کلاس کے اگلے سیزن کیلئے سخت محنت کر رہے ہیں۔ صاحبزادہ فرحان کا کہنا تھا کہ انہیں اسکاٹ لینڈ کیخلاف حالیہ سیریز کیلئے قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں جگہ نہ بنانے کا افسوس نہیں کیونکہ انہیں اپنی صلاحیتوں پر اعتماد ہے اور جلد ہی وہ گرین شرٹس کا حصہ بن جائیں گے جس کیلئے ان کا اگلا ہدف ڈومیسٹک کرکٹ میں ٹاپ اسکورر بننا ہے تاکہ سلیکٹرز ان کے نام پر غور کر سکیں۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -