ٹیکسٹائل گروپ کی برآمدات مئی کے دوران 28.42فیصد بڑھ گئیں ، وفاقی ادارہ شماریات
اسلام آباد (اے پی پی) مئی2018ء کے دوران ٹیکسٹائل گروپ کی برآمدات میں28.42 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان(پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال میں مئی2018ء کے دوران ٹیکسٹائل گروپ کی برآمدات1.204 ارب ڈالر تک بڑھ گئیں جبکہ گذشتہ مالی سال میں مئی 2017ء کے دوران برآمدات کا حجم 937.723 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ پی بی ایس کے مطابق مئی 2017ء کے مقابلہ میں مئی2018ء کے دوران خام روئی کی قومی برآمدات90.94 فیصد کے اضافہ سے 9 لاکھ70 ہزار ڈالر تک بڑھ گئیں جو مئی2017ء کے دوران5 لاکھ8 ہزارڈالر رہی تھیں۔ اسی طرح سوتی کپڑے کی قومی برآمدات میں بھی22.08 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور مئی2017ء کی برآمدات 157.012 ملین ڈالر کے مقابلہ میں مئی2018ء کے دوران سوتی کپڑے کی قومی برآمدات کا حجم 191.681 ملین ڈالر تک بڑھ گیا۔ پی بی ایس کے مطابق مئی2018ء کے دوران نٹ ویئرز کی برآمدات39.20 فیصد کے نمایاں اضافہ سے258.864 ملین ڈالر تک بڑھ گئیں جو مئی2017ء کے دوران185.969 ملین ڈالر ریکارڈکی گئی تھیں۔