نگران صوبائی وزیرصنعت و تجارت سے ساہیوال انڈسٹری کے نمائندگان کی ملاقات

نگران صوبائی وزیرصنعت و تجارت سے ساہیوال انڈسٹری کے نمائندگان کی ملاقات

  

لاہور(کامرس رپورٹر )نگران صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت و کامرس میاں انجم نثا ر سے گزشتہ روز ساہیوال کے صنعتکاروں نے ملاقات کی، سابق صدر ساہیوال چیمبر و چیئرمین ایم ایف گروپ آف انڈسٹریز چوہدری محمد حسین کی قیادت میں وفد نے صوبائی وزیر کو مسائل سے آگاہ کیا، وفد نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ 08 سال پہلے ساہیوال میں ریجنل آفس کا قیام عمل میں لایا گیا تھا جو کہ ایک سال بعد ختم ہوگیا ، جسکی وجہ سے تمام صنعتکاروں کو اپنے مسائل کے حل کیلئے ملتان جانا پڑتا ہے، انہوں نے بتایا کہ پنجاب سمال انڈسٹریز کی جانب سے 1122اور فائر بریگیڈ کیلئے جگہ مختص کی ہوئی ہے تاہم اسکا اجراء ہونا باقی ہے ،جبکہ چوہدری محمد حسین نے صوبائی وزیر سے اپیل کی کہ ساہیوال انڈسٹری فیز ii کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ صنعتکاروں کو درپیش مسائل کا حل یقینی ہو سکے، صوبائی وزیر میاں انجم نثار نے وفد کو تمام جائز مطالبات کے حل کی یقین دہانی کرائی کہ ان کے دور میں پوری کوشش کی جائے کہ ساہیوال کے صنعتکاروں کو ان کے تمام جائز حقوق حاصل ہوں ، بعد ازاں ولشائر لیبز کے چیئرمین امجد علی جاوا کی قیادت میں ایک وفد نے صوبائی وزیر سے ملاقات کی۔

، ملاقات میں ٹاؤن شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے تاجر موجود تھے، وفد نے صوبائی وزیر کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کے دور اقتدار میں بڑی تیزی کے ساتھ انڈسٹری کے مسائل حل ہوں گے، اس موقع پر نگران صوبائی وزیر میاں نعمان کبیر بھی موجود تھے، صوبائی وزیر میاں انجم نثار نے وفد سے کہا کہ وہ پہلے بھی ٹاؤن شپ انڈسٹری کے صنعتکاروں سے ایک ملاقات کر چکے ہیں اور انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ ٹاؤن شپ انڈسٹری کے صنعتکاروں کے تمام جائز مسائل حل کریں گے۔

مزید :

کامرس -