چین امریکا تجارتی جنگ سے سی پیک کی اہمیت بڑھ جائے گی، اکانومی واچ

چین امریکا تجارتی جنگ سے سی پیک کی اہمیت بڑھ جائے گی، اکانومی واچ

  

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے( سی پیک ) جیسے عظیم الشان منصوبے دنیا کی تاریخ میں کم ہیں جس سے پاکستان کو بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔چین اور امریکا کی تجارتی جنگ سے پاکستان پر کوئی خاص اثر نہیں پڑے گا مگراس سے سی پیک کی اہمیت میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان کی معاشی ترقی ، اضافی دفاعی صلاحیت،بہتر داخلی سیکورٹی، محاصل میں بڑھوتری اور بین الاقوامی ساکھ کا ضامن ہے جو بھارت اور امریکہ سمیت کئی ممالک کیلئے تشویش کا باعث بنا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک سے پاکستان کے بہت سے مسائل حل ہو جائیں گے۔

اور خودکفالت کا سفر آسان ہو جائے گا جبکہ علاقائی سیاست کا منظر نامہ بھی تبدیل ہو جائے گا۔ ڈاکٹر مرتضیٰ مغل نے کہا کہ سی پیک سے پاک چین دو طرفہ تعلقات نئی بلندیوں پر پہنچ رہے ہیں اور اس منصوبے سے پاکستان کے ترقیاتی بجٹ میں اضافہ اور غربت میں کمی ممکن ہو جائے گی۔انھوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری کی کامیابی کیلئے پاکستان میں امن و امان کی بہتری انتہائی ضروری ہے جسکے لئے پاک فوج نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک ایک ایسا تاریخی منصوبہ ہے جس میں دنیاکے بہت سے دوست ممالک بھرپور شرکت کر رہے ہیں جو اس کی کامیابی کی دلیل ہے۔

مزید :

کامرس -