ارجنٹینا پٹ گیا، کروشیا، فرانس ناک آؤٹ مرحلے میں داخل ،پیرو کی واپسی ڈنمارک کا آسٹریلیا سے مقابلہ برابر

ارجنٹینا پٹ گیا، کروشیا، فرانس ناک آؤٹ مرحلے میں داخل ،پیرو کی واپسی ڈنمارک ...

  

ماسکو(نیٹ نیوز)فٹبال ورلڈ کپ میں آسٹریلیا اور ڈنمارک کا مقابلہ برابر ہو گیا،فرانس نے پیروکوٹورنامنٹ سے چلتاکردیا۔کروشیانے ارجنٹائن کو 3-0سے ہراکربڑااپ سیٹ کردیا۔تفصیل کے مطابق گروپ سی کے میچ کا آغاز تیزی سے ہوا اور میچ کے 7ویں منٹ میں کرسچن ایرکسن نے گول کر کے ڈنمارک کو برتری دلا دی۔ آسٹریلیا موقع اس وقت ملا جب گول سے چند انچ کے فاصلے پر ڈنمارک کے دفاعی کھلاڑی کے ہینڈ بال کے سبب فاؤل ہونے کی وجہ سے امپائر نے پینالٹی ایوارڈ کردی۔میچ کے 37ویں منٹ میں ملنے والی پینالٹی پر جیڈینیک نے گول کردیا۔ میچ ڈرا ہونے کے بعد آسٹریلیا کی اگلے راؤنڈ میں رسائی کی امیدوں دھچکا لگا ہے۔ دوسرے میچ میں نوجوان کائلیان باپے کے گول کی بدولت فرانس نے پیرو کو 0۔1 سے شکست دے کر ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ گروپ سی کے میچ میں شکست کے باعث پیروباہر ہوگیا۔فرانس کے19 سالہ باپے نے 34ویں منٹ میں گول سکور کیا۔ ان کے طاقت ور شاٹ کو دفاع میں موجود ایک کھلاڑی نے روکنے کی کوشش کی تاہم بال ڈیفلکیٹ ہوتی جال میں جاپہنچی۔1982 کے بعد پہلی مرتبہ عالمی کپ میں شرکت کرنے والی پیرو کے کھلاڑی پیڈرو ایکوئنہو کا شاٹ دوسرے ہاف کے پانچویں منٹ میں کیپر کو چکما دینے میں کامیاب رہا تاہم بال گول پوسٹ سے جالگی۔تیسرے میچ میں کروشیا نے ارجنٹائن کو 0۔3 سے شکست دے کر ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔گروپ ڈی کے اس میچ کے 53ویں منٹ میں ارجنٹائن کے گول کیپر وِلی کبالیرو کی غلطی کی وجہ سے کروشیا کے اینٹی ریبک گول اسکور کرنے میں کامیاب ہوگئے۔80ویں منٹ میں کروشیا کی جانب سے لوکا موڈرک نے شاندار گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کی سبقت دوگنی کردی۔میچ کے اختتامی لمحات میں ایوان راکیٹک نے تیسرا گول کرکے اپنی ٹیم کی اگلے مرحلے تک رسائی یقینی بنادی۔کروشیانے ورلڈ کپ میں دوسری باراپنے ابتدائی دونوں میچ جیت کرناک آؤٹ مرحلے میں کوالیفائی کیاہے،اس سے قبل کروشیانے 1998میں کوالیفائی کیاتھا۔

Back to Conversion Tool

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -