باٹا پور ، فائرنگ کے دوواقعات میں 55سالہ خاتون جاں بحق ، ایک نوجوان زخمی ، الگ الگ مقدمات درج
لاہور(خبرنگار) باٹا پور کے علاقہ میں فائرنگ کے دوالگ الگ واقعات کے دوران 55سالہ خاتون جاں بحق جبکہ ایک نوجوان زخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق جلیانہ گاؤں کے رہائشی فرمان علی گروپ اور نادر علی گروپ کے درمیان چودھراہٹ کا تنازع چل رہا ہے۔ گزشتہ رات دونوں گروپوں کے درمیان اچانک فائرنگ کا تبادلہ ہوگیا جس کے نتیجے میں قریب ہی واقع گھر کی چھت پر کھڑی 55سالہ خاتون سعیداں بی بی فائرنگ کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگئی۔ اسے مقامی ہسپتال لے جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئی جبکہ ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ پولیس نے خاتون کی لاش قبضہ میں لیکر مردہ خانہ میں جمع کروادی ہے۔ دوسرے واقعہ میں دوست نے دوست کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا ۔ بتایا گیا ہے کہ باٹاپور گاؤں کے رہائشی افضل کی محلے دار عباس کے ساتھ گہری دوستی تھی۔ گزشتہ روز دونوں کے درمیان معمولی تلخ کلامی ہوگئی ۔ افضل اپنی دوکان پر بیٹھاتھا کہ عباس نے دوساتھیوں کے ہمراہ آکر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں افضل شدید زخمی ہوگیا،اسے سروسز ہسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔ پولیس نے دونوں واقعات کے الگ الگ مقدمات درج کر لئے ہیں۔