عام انتخابات ، سیکورٹی کیلئے وزارت دفاع ساڑھے 3لاکھ فوجی اہلکار دینے پر تیار
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وزارت دفاع نے الیکشن کمیشن کی درخواست پر عام انتخابات کیلئے پاک فوج کے ساڑھے 3 لاکھ اہلکار دینے کی حامی بھرلی۔ملک میں 25 جولائی کو ہونیوالے عام انتخابات کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوچکی ہیں اور الیکشن میں سیکیورٹی کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے وزارت دفاع کو خط لکھ کر پاک فوج کے ساڑھے تین لاکھ اہلکاروں کی خدمات طلب کی تھیں۔ذرائع کے مطابق وزا ر ت دفاع نے الیکشن کمیشن کی درخواست کا غیر رسمی جواب دیدیا ہے جس میں عام انتخابات کیلئے ساڑھے تین لاکھ فوجی اہلکار دینے کی حامی بھرلی ہے اور اس کیلئے 2 برسوں کے دوران ریٹائرڈ ہونیوالے اہلکاروں کو بھی بلایا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے وزارت دفاع نے تینوں مسلح افواج کے ریٹائرڈ فوجیوں کو الیکشن ڈیوٹیوں کیلئے طلب کرلیا ہے اور ریٹائرڈ جوانوں کے پاس بھی مکمل اختیارات ہوں گے۔واضح رہے الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں پاک فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت بیلٹ پیپرز کی چھپائی اور ترسیل بھی فوج کی نگرانی میں کی جائے گی اور پاک فوج کے اہلکار 27 جون کو پرنٹنگ پریس کی سکیورٹی سنبھال لیں گے۔عام انتخابات میں پولنگ سے 4 روز قبل فو ج کو بلایا گیا ہے، پاک فوج کے اہلکار پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر تعینات ہوں گے جبکہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر اہلکاروں کی اضا فی نفری تعینات کی جائے گی۔
انتخابات سکیورٹی