پی ٹی آئی کے اقلیتی امیدواروں کی اپلیں خارج ، شاہد خاقان اور فواد چودھری کل طلب

پی ٹی آئی کے اقلیتی امیدواروں کی اپلیں خارج ، شاہد خاقان اور فواد چودھری کل ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نامہ نگار خصوصی ) الیکشن اپیلٹ ٹربیونلز اور لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے اقلیتی امیدواروں سمیت متعدد امیدواروں کی اپیلیں خارج کرنے کیساتھ ساتھ چار امیدواروں کی درخواستوں پر الیکشن کمیشن،سٹیٹ بینک ایف بی آر اور فریقین کو نوٹس جاری کردئیے جبکہ الیکشن اپیلٹ ٹربیونلز میں دو نئی درخواستیں بھی دائر کردی گئی ہیں۔تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے اقلیتی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف اپیلیں ریٹرننگ افسران کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے خارج کر دیں۔لاہور ہائیکورٹ کے اپیلٹ ٹربیونل کے جسٹس فیصل زمان خان نے یہ اپیلیں خارج کیں۔اقلیتی امیدوار مہندر سنگھ پال، یوڈسٹر چوہان، ہارون گل، اعجاز مسیح اور پیٹر گل نے ریٹرنگ آفیسر کے فیصلوں کے خلاف اپیل دائر کی اپیل کنندگان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پاکستان تحریک انصاف نے اقلیتی امیدواروں کی لسٹ مقررہ وقت کے بعد الیکشن کمیشن میں جمع کرائی۔ اپیل کنندگان نے موقف اختیار کیا کہ امیدواروں کی لسٹ نہ ہونے کے باعث کاغذات نامزدگی مسترد کر دئیے گئے تاہم اب لسٹ الیکشن کمیشن میں جمع ہو گئی ہے، عدالت الیکشن میں حصہ لینے کا اہل قرار دے ،اپیل کنندگان نے استدعا کی کہ عدالت ریٹرنگ آفیسر کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد تمام امیدواروں کی اپیلیں مسترد کر دیں ۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے پی پی 169 سے آزاد امیدوار چودھری شوکت کے کاغذات نامزدگی جمع نہ کرنے کیخلاف درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کر دیا۔ جسٹس طارق سلیم شیخ پر مشتمل الیکشن ایپلٹ ٹربیونل نے حلقہ این اے 135 سے مسلم لیگ (ن )کے امیدوار سیف الملوک کھوکھر کے خلاف کیس کی سماعت میں الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آج جواب طلب کرلیا۔لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ پر مشتمل الیکشن ایپلٹ ٹربیونل نے حلقہ این اے130سے عدیل غلام محی الدین کے کاغذات مستردہونے کیخلاف دائراپیل پرالیکشن کمیشن اورسٹیٹ بینک کو آج 22جون کیلئے نوٹس جاری کردئیے۔لاہور ہائیکورٹ کے اپیلٹ ٹربیونل حلقہ این اے 171 سے امیدوار عابد رضا کے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کے خلاف اپیل پر امیدوار عابد رضا سمیت دیگر فریقین سے آج 22جون کوجواب طلب کر لیا۔ الیکشن اپیلٹ ٹربیونل نے حلقہ این اے 140 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدواررانا حیات کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف اپیل پرفریقین کو کل 23جون کیلئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ۔پی ٹی آئی کی رہنما ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف لاہور ہائی کورٹ کے الیکشن اپیلٹ ٹربیونل میں اپیل دائر کردی گئی ۔پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر زرقا تیمور نے اپنی ہی جماعت کی امیدوار خاتون منزہ حسن کے خلاف لاہور ہائیکورٹ کے اپیلٹ ٹربیونل میں اپیل دائر کر دی۔
الیکشن اپیلٹ ٹربیونلز


راولپنڈی/لاہور ( آن لائن،نامہ نگار خصوصی) الیکشن ٹربیونل راولپنڈی ڈویژن کے جج جسٹس عباد الرحمان لودھی نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کو وضاحت کیلئے23جون کو طلب کرتے ہوئے کاغذات نامزدگی مسترد یا منظور کرنے کی دیگر اپیلوں کی سماعت ملتوی کر دی ۔تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 57 مری سے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے کاغذات نامزدگی کیخلاف درخواست گزار مسعود احمد عباس نے درخواست میں الزام عائد کیا کہ شاہد خاقان عباسی نے بیٹے کے عمرے کی ادائیگی کیلئے قومی خزانے سے 1 بلین روپے دئیے اوربحیثیت وزیراعظم انہوں نے نوازشریف کے متنازعہ انٹرویو کی حمایت کر کے قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی اوربطور وزیراعظم انہوں نے عافیہ صدیقی کے حق میں کوئی بات نہیں کی۔ دوسری جانب حلقہ این اے 67 جہلم سے تحریک انصاف کے امیدوار فواد چودھری کے کاعذات نامزدگی جسٹس ڈیمو کریٹک پارٹی کے سید حیدر عباس کاظمی نے دوبارہ چیلنج کرتے ہوئے اپیل میں موقف اختیار کیا کہ فواد چودھری نے زرعی زمین پر ٹیکس ادا نہیں کیا، کاعذات نامزدگی میں شناختی کارڈ کے مطابق نام درست نہیں لکھا،درخواست گزار کا موقف شناختی کارڈ میں نام فواد حسین ہے جبکہ نام کاغذات نامزدگی میں نام فواد چودھری لکھا ہے جس پر ایپلیٹ ٹریبونل نے دونوں درخواستوں کو 23 جون کو سماعت کیلئے مقرر کر تے ہوئے الیکشن کمیشن اور آر او سے رپورٹ طلب کرکے شاہد خاقان عباسی اور فواد چودھری کو جواب دہی کیلئے طلب کرلیا ۔
شاہد خاقان/فواد چودھری

مزید :

صفحہ اول -