دودھ اور گوشت کی پیداوار بڑھانے کیلئے اقدامات کئے جائیں : ڈاکٹر حسن عسکری

دودھ اور گوشت کی پیداوار بڑھانے کیلئے اقدامات کئے جائیں : ڈاکٹر حسن عسکری

  

لاہور (جنرل رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری سے وزیراعلیٰ آفس میں نگران صوبائی وزیربرائے محنت و انسانی وسائل،لائیوسٹاک اورٹرانسپورٹ نعمان کبیرنے ملاقات کی،جس میں انتظامی اور محکمانہ امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق آزادانہ انتخابات کے انعقادکیلئے بہترین انتظامات کیے جائینگے۔ تمام سرکاری محکمے الیکشن کے پرامن انعقاد کیلئے اپنا بھر پور کردارادا کریں ۔انہوں نے کہاکہ الیکشن کے انتظامات کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔نگران صوبائی حکومت منصفانہ انتخابات کیلئے میسر وسائل کا بھر پور استعمال کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ صوبہ بھر میں مزدوروں اورکارکنوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مزدوروں اورصنعتی کارکنوں کیلئے تعلیم و صحت کی سہولتیں ترجیحات میں شامل ہے اورمزدوروں اور محروم معیشت طبقات کومعاشرے میں جائزمقام دینا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھٹہ مزدوروں کے حقوق کے استحصال کو روکنے کیلئے قانونی اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔صوبہ بھر میں لائیوسٹاک کو فروغ دیکر دودھ اورگوشت کی پیداوار بڑھانے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہاکہ دیہات میں لائیوسٹاک کے اختراعی منصوبوں سے غذائی خود کفالت کے اہداف حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ نگران صوبائی وزیر نعمان کبیر نے محنت و انسانی وسائل،لائیوسٹاک اورٹرانسپورٹ کے بارے میں محکمانہ کارکردگی سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر حسن عسکری نے مستحق مریضوں کے علاج معالجے کے لئے مزید 7 کروڑ 44 لاکھ روپے کے فنڈز کے اجراء کی منظوری دے دی ،اس فنڈ سے کینسر، جگروگردے کی پیوندکاری اوردیگر مہلک امراض میں مبتلا مستحق مریضوں کامفت علاج ہوگا۔نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھنے اور مستحق مریضوں کے فوری علاج معالجے کی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے فنڈز مہیا کئے گئے ہیں۔ مریضوں کا علاج کسی پر احسان نہیں بلکہ ہر حکومت کا فرض ہے اور حکومتی وسائل پر عوام کا حق ہے، حقدار کو اس کا حق دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ محدود مدت میں مینڈیٹ کے مطابق عوام کی خدمت اور فلاح و بہبود کے لئے کوشاں ہیں۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ ضرورت مند اور مستحق مریضوں کے علاج کے لئے تعاون ضروری امر ہے اور اس اعلیٰ مقصد کے لئے فنڈز کی فراہمی ترجیحات میں اولین ہے۔ ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ عوام کو صحت سمیت دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی گڈگورننس کا نقطہ آغاز ہوتا ہے۔ محدود مدت میں گڈگورننس کو یقینی بنائیں گے اور عوام کو ہر سطح پر ممکنہ حد تک ریلیف دینے کی کوشش کریں گے۔

ڈاکٹرحسن عسکری

مزید :

صفحہ اول -