کلثوم نواز کی بیماری پر سب اداس: مریم اورنگزیب، تاخیری حربے ہیں: اعتزاز احسن

کلثوم نواز کی بیماری پر سب اداس: مریم اورنگزیب، تاخیری حربے ہیں: اعتزاز احسن

  

لا ہور(آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کوئی دل ایسا نہیں جو کلثوم نواز کی بیماری پر اداس نہ ہوا ہو‘ کلثوم نواز شریف کے ساتھ ہر مشکل وقت میں کھڑی ہوئیں اور مشکلات کا سامنا کیا‘ سب کو معلوم ہے نواز شریف سو سے زائد نیب میں پیشیاں بھگت چکے ہیں‘ جس طرح کلثوم نواز کی بیماری کے خلاف تشہیر دکھائی جارہی ہے اسے پاکستان کی عوام ہرگز پسند نہیں کرے گی‘ اعتزاز احسن کے بیان پر بہت دکھ ہوا۔ جمعرات کو مریم اورنگزیب نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح پاکستانی قوم نے کلثوم نواز کی صحت یابی کے لئے دعا کی ہے مجھے یقین ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہوں گی۔سیاست ایک معیار ہوتا ہے کلثوم نواز وینٹی لیٹر پر ہیں انہیں ہارٹ اٹیک ہوا ہے۔ اعتزاز احسن کے بیان پر بہت دکھ ہوا۔ نواز شریف نے گزشتہ روز بھی تفصیلی گفتگو کرکے کلثوم نواز کے حوالے سے آگاہ کیا ۔ مجھے تحریک انصاف کے ترجمان پر بھی افسوس ہوتا ہے۔ عمران خان اپنے آپ کو خیالی وزیراعظم مانتا ہے انہوں نے صرف پانچ سال گالی گلوچ کی سیاست کی آج عمران خان اپنے ہی کارکنوں سے چھپ رہے ہیں۔ یہ وہ شخص ہے جو صرف خیالی وزیراعظم بن رہا ہے آج وہ اپنے کارکنوں سے بات بھی نہیں کرپارہا ہے۔

مریم اورنگزیب

لاہور(این این آئی ) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو یقین ہے کہ انہیں سزا ہوگی اس لیے تاخیری حربے استعمال کیے جا رہے ہیں اور یہ سب شہباز شریف کا پتا کاٹنے کیلئے ہو رہا ہے،زبان زد عام ہے کہ ہارلے اسٹریٹ کلینک شریف خاندان کی ملکیت ہے،ہارلے اسٹریٹ کوئی ہسپتال نہیں کلینک ہے لیکن وہاں دل کے بائی پاس ہوتے ہیں۔لاہور میں بے نظیر بھٹو کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزیدکہاکہ سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو نے اپنا علاج سکھر جیل کی کال کوٹھڑی میں کروایا، یہ نہیں کہ مقدمہ چل رہا ہے اور ہارلی اسٹریٹ جا رہے ہوں۔ لوگ کہہ رہے ہیں کہ ہارلی اسٹریٹ کلینک کے باہر سے کوئی خبرہی نہیں آتی، ہارلی اسٹریٹ کے باہر ان کے مفرور بیٹے آکر بات کرتے ہیں۔ یہ چاہتے ہیں کہ اگلی حکومت میں مریم نواز کو وزیراعظم یا اپوزیشن لیڈر بنایا جائے۔یہ پہلے بھی شہباز شریف سے ہاتھ کرگئے، اعلان شہباز کا کیا وزیراعظم شاہد خاقان کو بنایا۔اعتزاز احسن نے کہا کہ ان کے ہاتھی کی طرح دکھانے کے دانت اور کھانے کے دانت اورہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جیالے 25 جولائی کو پولنگ اسٹیشنز پر رہیں تو فتح کے ڈھول بجاتے واپس آئیں گے۔

مزید :

صفحہ آخر -