سرکاری خزانے سے ایک لاکھ ڈالر کا غلط استعمال،نیتن یاہو کی اہلیہ پر فرد جرم عائد
مقبوضہ بیت المقدس(صباح نیوز)اسرائیل کے وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کی اہلیہ سارا پر سرکاری خزانے سے ایک لاکھ ڈالر کے غلط استعمال کی فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔اسرائیلی وزارت انصاف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اٹارنی جنرل نے سارا نیتن یاہو پر سرکاری خزانے کا غلط استعمال کر کے دعوتیں اڑانے کے الزام میں فرد جرم عائد کر دی ہے۔اس سے قبل جب 1977 میں اسرائیلی وزیراعظم اسحق رابن کی اہلیہ پر جرم ثابت ہوا تھا تو انہوں نے عہدے سے استعفی دے دیا تھا۔اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے پولیس نے تفتیش کی اس بات کا امکان ہے کہ نیتن یاہو شاید اپنے عہدے سے استعفی نہ دیں تاہم اسرائیلی میڈیا کے مطابق اس فیصلے سے نیتن یاہو کو سیاسی طور پر دھچکا ضرور لگے گا اور ہو سکتا ہے کہ آنے والے مہینوں یا اگلے برس کے اوائل میں انہیں بھی اس قسم کے الزامات کا سامنا کرنا پڑے۔خیال رہے کہ کرپشن اور غیر قانونی طور پر مہنگے تحائف وصول کرنے کے الزام میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور ان کے بیٹے یائر نیتن یاہو سے بھی پولیس تفتیش کر چکی ہے۔
اسرائیل