بینظیرنے بہادری سے غیرسیاسی قوتوں کامقابلہ کیا،بازل نقوی

بینظیرنے بہادری سے غیرسیاسی قوتوں کامقابلہ کیا،بازل نقوی

  

مظفرآباد (بیورورپورٹ)آزادجموں وکشمیر پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماء سابق وزیر اطلاعات سید بازل علی نقوی نے کہا ہے کہ شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو نے انتہائی جرات اور استقامت سے جبر کے ماحول کا سامنا کیااور انتہائی جرات اور بہادری سے سیاسی اور غیر سیاسی قوتوں کا مقابلہ کیا۔بے نظیر بھٹو مثل آفتاب تھیں جن کی روشنی پاکستان میں غریبوں،ہاریوں ،کسانوں اور مزدوروں کو جینے کی طاقت اور حوصلہ ملتا تھا۔پیپلزپارٹی بے نظیر اور بینظیر پیپلزپارٹی تھیں۔سید بازل علی نقوی نے ان خیالات کا اظہار سابق وزیراعظم پاکستان اور پیپلزپارٹی کی قائد محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوے کیا۔انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو کی زندگی ان لوگوں کے لئے مشعل راہ ہے جو ذرا سی تکلیف پر مایوس ہو جاتے ہیں۔انہوں نے کہا جب ان کے عظیم والد کو منظر سے ہٹا دیا گیا تو محترمہ نے تمام تر ظلم اور جبر کے باوجود میدان سیاست میں نکلنے کا فیصلہ کیا اور عوام کی طاقت سے وہ کر دکھایا جس کا تصور محال تھا۔انہوں نے کہا کہ اپنی بیمثال اور لازوال جدوجہد کے نتیجے میں وہ دو بار وزیراعظم بنیں اور تیسری بار اس ملک کو آمریت کے چنگل سے آزاد کرانے کا کریڈٹ بھی محترمہ کے پاس ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر نے ان پر وار کر کے ملک کو ایک بڑی شخصیت سے محروم کیا جس کی وجہ سے پاکستان ایک ایسے سیاسی بحران کا شکار ہوا جو تھمنے میں نہیں آ رہا۔انہوں نے کہا کہ ملک کو میزائل ٹیکنالوجی سے لیس کر کے اس کا دفاع ناقابل تسخیر بنانے والی عظیم لیڈر ہمیشہ قوم کی نظروں میں امر رہے گی۔سید بازل علی نقوی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے کارکنوں کی یہ اولین ذمہ داری ہے کہ وہ ان کے نظریات پر کاربند رہیں اور بلاول بھٹو نے جو علم تھام رکھا ہے اس قافلے کو رواں دواں رکھنے میں اتفاق و اتحاد سے آگے بڑھتے رہیں۔انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری،آصف علی زرداری کی قیادت میں کامیابی حاصل کر کے حکومت بناے گی اور ترقی اور خوشحالی کا سفر وہیں سے شروع ہو گا جہاں پی پی پی نے اسے چھوڑا تھا۔اس موقع پر شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو کے درجات کی سربلندی کیلیے خصوصی دعا بھی کی گئی

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -