عوام میں ووٹ کا شعور اجاگر کرنے کی حکومتی مہم بے اثر

عوام میں ووٹ کا شعور اجاگر کرنے کی حکومتی مہم بے اثر

  

تجزیاتی رپورٹ/نعیم الدین :

حکومت کی جانب سے ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور عوام میں اس کا شعور بیدار کرنے کیلئے کروڑوں کے اشتہارات دیے جارہے ہیں، تاکہ عوام میں ووٹ کا تقدس برقرار رہے، لیکن اس کے اثرات امیدواروں پر شاید اس طرح نہ پڑ سکیں جس کی آج ضرورت ہے۔ ایک ووٹ امیدوار کو کامیاب اور شکست سے دو چار کر سکتا ہے۔ شاید آج کے امیدواروں کو ووٹ کی اس اہمیت کا اندازہ نہیں ہے۔ ہمارے ملک میں روایتی امیدوار اور روایتی ووٹرز آج بھی موجود ہیں، یہ تمام چیزیں اپنی جگہ لیکن نیا ووٹر جو کہ اس مرتبہ پہلی بار اپنے ووٹ کا حق استعمال کرے گا وہ سوشل میڈیا سے مسلسل آگاہی حاصل کررہا ہے ، اور ساتھ ہی الیکٹرونک میڈیا بھی اسے باشعور بنا رہا ہے، اور اس کو اندازہ ہے کہ اس کے ووٹ کی اہمیت کیا ہے ؟ اور اسے کس کو ووٹ دینا چاہیے اور کس کو نہیں ۔ وڈیرہ شاہی اور جاگیردار جو ووٹرز کو ہمیشہ اپنی ملکیت سمجھتے رہے ہیں، اور بعض سیاسی جماعتوں کو ووٹرز کی بھی ضرورت نہیں پڑتی بلکہ وہ خود ہی ووٹ کا انتظام کرلیتے ہیں۔ ایسا ہی ایک واقعہ ڈیرہ غازی خان کے ایک امیدوار کے ساتھ پیش آیا جب وہ ووٹرز سے گھلنے ملنے گیا تو ووٹرز نے اس سے شکوہ کیا کہ تم نے پانچ سال بعد اپنی شکل دکھائی ہے، جس پر امیدوار نے جواب میں کہا کہ ’’کیا تم اپنے ووٹ کی ایک چھوٹی سی پرچی پر غرور کررہے ہو ‘‘ میں تم سے ووٹ مانگنے نہیں آیا اور نہ ہی مجھے تمھارے ووٹ کی کوئی ضرورت ہے۔ امیدوار شاید یہ بھول گیا تھا کہ اب زمانہ بدل چکا ہے ، اب لوگ سوال کرنے کا اختیار رکھتے ہیں ۔ سندھ میں دس سال سے پیپلز پارٹی برسراقتدار رہی ہے، سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ سندھ میں صورتحال تبدیل ہوتی نظر آرہی ہے ، سندھ کا ووٹرز اب باشعور ہوچکا ہے ، اور پارٹی کی جانب سے گڈ گورننس نہ دینے پر وہ اپنے تحفظات رکھتا ہے ، لیکن پھر بھی جو نظریاتی کارکن ہیں، وہ پارٹی کو ہی ووٹ دیں گے، کیونکہ ان کے مفادات سے وابستہ ہیں ، جبکہ دوسری جانب ایم کیو ایم جس کے امیدوار کی وہ حیثیت نہیں ہوتی جو ہونی چاہیے ، کیونکہ اس کا ووٹر صرف اور صرف پارٹی کو ووٹ دیتا ہے ، امیدوارچاہے کوئی بھی اس کو غرض نہیں ہے ۔ اس مرتبہ الیکشن کمیشن بھی ماضی کے مقابلے میں نئی پالیسیوں کے ساتھ سامنے آیا ہے اور وہ امیدواروں کا ڈیٹا بہتر طریقے سے جمع کررہا ہے، لیکن نیب کے اختیارات اس کے پاس نہیں ہیں، عوام کو آج صحیح معنوں میں اپنے ووٹ کی اہمیت و افادیت کا پتہ چل رہا ہے کہ ماضی قریب میں امیدوار کس طرح عوام کو بے وقوف بنارہے ہیں۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -