’ن لیگ کے مقابلے میں تحریک انصاف۔ ۔ ۔‘چوہدری نثار نے بالآخر دل کی بات کہہ دی
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہاہے کہ بہت سی بے بنیادباتیں ان سے منسوب کی جارہی ہیں ، کہاگیا کہ پی ٹی آئی میں 10غلطیاں ہیں تو مسلم لیگ ن میں 100غلطیاں، یہ بھی کہاگیا کہ اگر میں نے بات کی تو شریف برادران منہ دکھانے کے قابل نہیں ہوں گے ، میرے منہ میں ایسے جملے ڈال کر چلائے گئے جو میرے نہیں تھے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے کہاکہ میں نے ایسی خبرکی تردید کی لیکن اسی کو بنیاد بنا کر آرٹیکل چھاپے گئے اور پروگرام بھی ہوتے ہیں حالانکہ انہی اخبارات نے صفحہ اول پر تردید بھی چھاپی ۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ حساب کتاب ہونے کی صورت میں شریف برادران کی طرف کچھ نکلنے کا بیان ضروردیاتھا لیکن وہ سیاسی بیان تھا اور کوئی ذاتی بات نہیں کی ، کلثوم نوازکی علالت کی وجہ سے کوئی بات نہیں کرنا چاہتاتھا، میں الیکشن مہم میں ہوں اور آپ سے بھی درخواست ہے کہ کوئی بھی اطلاع آئے تو تصدیق کرالیاکریں، ایسی بے بنیا د چیزوں کو تشہیر کا موقع نہیں ملناچاہیے ۔