الیکشن جیتنے کیلئے لڑ رہے ہیں ، کسی رشتہ دار یا دوست کو ٹکٹ نہیں دیا ،عمران خان کابنی گالا میں پرامن احتجاج پر کارکنوں سے اظہار تشکر

الیکشن جیتنے کیلئے لڑ رہے ہیں ، کسی رشتہ دار یا دوست کو ٹکٹ نہیں دیا ،عمران ...
الیکشن جیتنے کیلئے لڑ رہے ہیں ، کسی رشتہ دار یا دوست کو ٹکٹ نہیں دیا ،عمران خان کابنی گالا میں پرامن احتجاج پر کارکنوں سے اظہار تشکر

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ یہ الیکشن ہم جیتنے کیلئے لڑ رہے ہیں،میں نے اپنے کسی دوست یا رشتہ دار کو ٹکٹ نہیں دیا اورنہ ہی کسی سے ٹکٹ کیلئے کوئی پیسہ لیا ہے ،اپنے حق کے لئے پرامن احتجاج پر کارکنوں کوخراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

تفصیلات کے مطابق بنی گالا میں احتجاج کرنے والے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ہے کہ میں کارکنوں کے جذبے کوخراج تحسین پیش کرتا ہوں کیونکہ آپ کا جذبہ انصاف لینے کا ہے ،ہم نے ڈی چوک میں اپنی ذات کیلئے نہیں بلکہ انصاف کیلئے 136دن گزارے ،ہم چاہتے تھے کے 2013کے الیکشن کی تحقیقات کی جائیں کیونکہ ہم کو انصاف نہیں مل رہا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ آپ کا حق ہے کہ اگر آپ سمجھتے ہیں کے ٹکٹ دینے میں نا انصافی ہوئی تو یہ آپ کاحق تھا یہاں آنا ۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے میں 136دن اتنے مشکل نہیں تھے جتنے ٹکٹ دینے میں 3ہفتے گزارے ،ساڑھے چارہزار لوگوں نے ٹکٹ کے لئے اپلائی کیا تھا ابھی تک ساڑھے چارسو لوگوں کو ٹکٹ ملے اور زیادہ سے زیادہ سات سو لوگوں کو ٹکٹ ملیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ کارکنوں کے آواز بلند کرنے پر میں از سرنوجائزہ لے رہا ہوں کیونکہ میں اللہ سے ڈرتا ہوں کے کسی کے ساتھ نا انصافی نہ ہوجائے ۔ انہوں نے کہا کہ 10فیصد حلقوں میں ہمیں مشکل پڑ رہی ہے کیونکہ کچھ امیدواروں کے جیتنے کے زیادہ مواقع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ الیکشن ہم جیتنے کیلئے لڑ رہے ہیں کیونکہ اگر لیکشن جیتیں گے تو تبدیلی لے کر آئیں گے ۔انہوں نے کہا کہ یہ آسان کام نہیں ہے لیکن میں دیانتداری سے پوری کوشش کرہا ہوں اور دو تین دن کے اندر لسٹ کاجائزہ لیکردوبارہ لسٹ شائع کروں گا ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے کسی رشتہ دار یادوست کو ٹکٹ نہیں دیا اور نہ ہی کسی امیدوار سے ایک پیسہ لیا ہے، دوسری جانب زعیم قادری کہہ رہا ہے کہ مجھ کوحمزہ شہباز نے اس لئے ٹکٹ نہیں دیا کہ میرے پاس پیسے نہیں تھے ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی مخصوص نشستوں کے حوالے سے میری یہ کوشش ہے کہ اسمبلی میں ان خواتین کو لیکر آئیں جو قانون سازی جانتی ہوں اور اسمبلی میں بات کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ میں کارکنوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آپ نے پرامن احتجاج کیا اوراب آپ پرامن ہو کر بیٹھیں، اگلے دو تین دن تک نئی لسٹ جاری ہو جائے گی ۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -