سراج الحق نے بلاول ہاؤس خریدنے کی پیشکش کردی ، وہاں ایک یتیم خانہ بناؤں گا :امیر جماعت اسلامی

سراج الحق نے بلاول ہاؤس خریدنے کی پیشکش کردی ، وہاں ایک یتیم خانہ بناؤں گا ...
سراج الحق نے بلاول ہاؤس خریدنے کی پیشکش کردی ، وہاں ایک یتیم خانہ بناؤں گا :امیر جماعت اسلامی

  

کر اچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق نے بلاول ہاؤس خریدنے کی پیشکش کرتے ہوئےکہا ہے کہ میں وہاں ایک یتیم خانہ بناؤں گا،کراچی کو لوٹنے اور برباد کرنے والے آج پھر عوام سے ووٹ مانگ رہے ہیں،انتخابات بروقت ہونے چاہئیں اور نگراں حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ غیر جانبدار ہوکر الیکشن کے بروقت انعقاد کو یقینی بنائے،متحدہ مجلس عمل میدان میں موجود ہے، اقتدار میں آکر قرآن کی بالادستی اور سودی معیشت کا خاتمہ کریں گے، دفاع کے بعد سب سے زیادہ تعلیم اور صحت پر خرچ کیا جائے گا، اردو کو قومی زبان کے طور پر رائج اور یکساں نظام تعلیم نافذ کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹر سراج الحق نے کراچی میں سابق رکن قومی اسمبلی مظفر احمد ہاشمی کے انتقال پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اگر بلاول ہاؤس کی قیمت 30لاکھ روپے ہے تو میں اسے یتیم خانہ بنانے کےلئے 50لاکھ روپے میں خریدنے کا اعلان کرتا ہوں، آج حکمرانوں کے اثاثے سامنے آرہے ہیں اور ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ان حکمرانوں نے اثاثے بنانے کے علاوہ کوئی کام ہی نہیں کیا ، لوٹا کریسی کی سیاست عام ہوگئی ہے ان لوگوں کے پاس کوئی وژن نہیں ہے۔ان کا کہناتھاکہ الیکشن 2018کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ الیکشن ہوں گے یا نہیں ، ہماری تجویز یہی ہے کہ حالات جو بھی ہو ںالیکشن وقت پر ہی ہونے چاہئیں اور نگراں حکومت کی ذمہ داری ہے کہ غیر جانبدارہوکر الیکشن بروقت کروائے ، نگراں حکومت کا ایجنڈا صرف اور صرف الیکشن ہی ہونا چاہیے ورنہ ان کے بارے میں خیال کیا جائے گا یہ کسی اور ایجنڈے کے لیے کام کررہے ہیں ،امید ہے کہ نگراں حکومت سو فیصد غیر جانبدا رہوکر الیکشن کروائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ کراچی عالم اسلام اور پاکستان کا ایک اہم شہر ہے جو ایک طویل عرصے سے مشکلات کا شکار ہے ، پانی اور لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ آج تک حل نہیں ہوسکا ، اسی طر ح شہر میں آج بھی کچرے کے ڈھیر موجود ہیں ، ٹرانسپورٹ کے شدید مسائل ہیں، شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر ہے ،بے روزگاری عام ہے ، آج وہی لوگ 2018کے الیکشن میں پھر سے عوام سے ووٹ مانگ رہے ہیں اور پھر سے کراچی کو لوٹنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں عوام کے مسائل کے حل، قیا م امن ، ترقی اور خوشحالی کے لیے مجلس عمل ہی متبادل قیادت ہے،عوام الیکشن میں مجلس عمل کو کامیاب کرائیں ۔

انہوں نے کہاکہ 25جولائی کا دن ملک کی دولت لوٹنے والوں کا یوم حساب ہوگا ، عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے کرپٹ حکمرانوں کا احتساب کریں گے ، آج پورے ملک میں لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے ،عوام سابقہ حکومت سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ جنہوں نے عوام کو سبز باغ دکھائے اور کہا تھا کہ ہم لوڈ شیڈنگ کا چھ ماہ میں خاتمہ کریں گے لیکن آج تک ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ نہیں ہوسکا ، متحدہ مجلس عمل میدان میں موجود ہے ، ہم قرآن کی بالادستی چاہتے ہیں ،سود ی معیشت کا خاتمہ کرکے ایسا نظا م قائم کرنا چاہتے ہیں جس میں غربت اور افلاس کا خاتمہ ہو ۔انہوں نے کہاکہ اقتدار میں آنے کے بعد سود ی نظام کے بجائے زکوٰة اور عشرکا نظام قائم کریں گے ، موجودہ ٹیکس کا نظام تبدیل کریں گے ، ملک کے دفاع کے بعد سب سے زیادہ تعلیم پر خرچ کیا جائے گا ، تعلیم اور صحت کو بنیادی ضروریات میں شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ افسوس کا مقام ہے کہ ہمارے ملک میں 25ارب صحت کے لیے ،31ارب تعلیم کے لیے اور 222ارب سود کی ادائیگی کے لیے رکھے گئے،ہم معاشی طبقاتی نظام کا خاتمہ کریں گے اور یکساں نظام تعلیم قائم کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ قوم کو معاشی بنیاد پر تقسیم کیا گیا ہے ،آئین اور قانون کے تحت اردو پاکستان کی قومی زبان ہے لیکن اسے اب تک نافذ العمل نہیں کیا گیا، مجلس عمل کی حکومت آئے گی تو اردو زبان کو دفتری زبان کے طور پر نافذ کروایا جائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی ترقی کے لیے کراچی کی ترقی ضروری ہے ، اہل کراچی ایسی قیادت کا انتخاب کریں جو ان ہی میں سے ہو اور امانت دار ہو ۔سراج الحق نے مظفر ہاشمی کی فلسطین کی آزادی کےلئے بہت سے کاموں کی تعریف کی اور کہا کہ ان کی جہدوجہد کے باعث ہی فلسطین کے سابق وزیراعظم اسماعیل ہانیہ نے تعزیتی خط بھیجا ہے۔

مزید :

قومی -