پاکستان کی سیاست بے رحم ہے ، مشرف نے دلبرداشتہ ہوکر استعفیٰ دیا:دفاعی تجزیہ کار
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)دفاعی تجزیہ کار لیفٹیننٹ جنرل (ر)غلام مصطفی نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیاست مشکل اوربے رحم بھی ہے ۔ پرویز مشرف کوسیاست میں آنا ہی نہیں چاہئے تھا ۔ انہوں نے دلبرداشتہ ہو استعفیٰ دیاہے۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ “ میں گفتگو کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل (ر)غلام مصطفی نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کو سیاست کی طرف نہیں آنا چاہئے تھا ۔ اب وہ دلبرداشتہ ہوکر مستعفی ہوگئے ہیں۔ پاکستان کی سیاست مشکل بھی ہے اور بے رحم بھی ہے اس لئے پرویز مشرف کو سیاست کی طرف آنا ہی نہیں چاہئے تھا ۔میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ وہ پاکستان نہیں آئیں گے کیونکہ پاکستان میں ان پر بہت سے مقدمات ہیں اور عوام میں ان کے بارے میں منفی تاثر بھی ہے ۔ اگر پرویز مشرف آجاتے تو ان کی مشکلات میں اضافہ ہوتا اور پاکستان کی سیاست میں ان کوئی رول بھی نہیں تھا ۔انہوں نے کہا کہ سیاست ایک بہت مشکل میدان ہے اور ایک بندہ جو ساری عمر وردی پہنتا ہے اس کے لئے سیاست ایک مشکل کام ہے۔ فوج میں سے جو لوگ سیاست میں آئے ہیں ان میں سے کم ہی لوگ کامیاب ہوئے ہیں۔