پنجاب میں پیپلز پارٹی مشکل صورتحال سے دوچارہے :قمر زمان کائرہ نے تسلیم کرلیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پنجاب میں پیپلز پارٹی مشکل صورتحال کاشکار ہے ، تحریک انصاف کے غبارے میں ہوا بھری گئی اور میڈیا نے بھی اس میں اہم کردار اداکیا ۔
جیو نیوز کے پروگرام ”آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ بلاول تین حلقوں سے الیکشن لڑ رہے ہیں ۔ پنجاب میں پیپلزپارٹی مشکل صورتحال کا شکار ہے لیکن اس سے قبل بھی ہم نے کئی ادوار میں مشکل صورتحال کا مقابلہ کیا ہے اور اب بھی مشکل صورتحال کا مقابلہ کریں گے اور کم بیک کریں گے ۔ انہوں نے کہا بلاول اس لئے پنجاب سے کھڑ ے نہیں ہوئے کہ مشکل حلقوں میں زیادہ کمپین کرنا پڑتی ہے اور انہوں نے پورے ملک میں انتخابی مہم کی قیادت کرنا تھی۔ اس لئے پنجاب کی قیادت نے بھی فیصلہ کیا کہ بلاول کراچی سے الیکشن لڑیں ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح تحریک انصاف کے غبارے میں ہوا بھری گئی ہے اور کافی تعداد میں لوگ اس میں شامل ہوگئے ۔ اس صورتحال میں میڈیا نے بھی کردار ادا کیا ہے کہ ملک میں دوجماعتیں ہیں کیونکہ میڈیا بھی ذہن بنانے میں ایک اہم کردار ادا کرتاہے۔ ہماری قیادت نے پاکستان کی پہلے بھی بہترین خدمت کی تھی اور اب بھی کر رہے ہیں۔ منظور وٹو کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ کئی لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جو آزاد الیکشن لڑ کر اپنے لئے راستے کھلے رکھتے ہیں ۔ وٹو صاحب پہلے بھی پیپلزپارٹی کے ساتھ نہیں تھے بلکہ جیت کر شامل ہوگئے تھے ۔ پیپلزپارٹی سے لوگوں کی وفاداریاں تبدیل کرایاجانا کوئی نئی بات نہیں یہ نصف صدی کا قصہ ہے لیکن ہم کو امید ہے کہ ہم ایک اچھا کم بیک دیں گے ۔