چار روزہ روڈ چیکنگ مہم 24 جون سے شروع کی جائے گی،مکیش کمار

چار روزہ روڈ چیکنگ مہم 24 جون سے شروع کی جائے گی،مکیش کمار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)محکمہ ایکسائز سندھ ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کے روڈ چیکنگ مہم صوبے بھر میں 24 جون سے شروع کررہا ہے اور یہ روڈ چیکنگ مہم 27 جون تک جاری رہے گی۔ اس بات کا فیصلہ صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسدادِ منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاولہ کی زیر صدارت ہونے والے ایک اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسدادِ منشیات عبد الرحیم شیخ، ڈائریکٹر جنرلز شبیر احمد شیخ، شعیب احمد صدیقی اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کو بریفننگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ شبیر احمد شیخ نے بتایا کہ 24 جون سے صوبے بھر میں شروع ہونے والی روڈ چیکنگ مہم کے دوران ٹیکس ادا نہ کرنے اور اوپن لیٹر پر چلنے والی گاڑیوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مذید بتایا کہ روڈ چیکنگ مہم کے لئے ٹیمیں تشکیل دیدیں گئیں ہیں اور امید ہے کہ روڈ چیکنگ مہم کامیاب ہوگی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسدادِ منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاولہ نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ٹیکس وصولی میں کوئی رعایت نہ برتیں کیونکہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے تاہم انہوں نے افسران کو یہ بھی ہدایت دی کہ دوران روڈ چیکنگ مہم تہذیب کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور گاڑیوں کے مالکان کے ساتھ شائستگی سے پیش آئیں۔ انہوں نے ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کے مالکان کو بھی مشورہ دیا کہ وہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لئے اپنے ٹیکسز اور دیگر واجبات فوری طور پر ادا کردیں۔ صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسدادِ منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاولہ نے افسران کو تنبیہہ کی کہ روڈ چیکنگ مہم کے دوران کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور شکایات ملنے پر سخت محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی