ممتاز عالم دین مفتی محمد نعیم کا انتقال پُرملال!

ممتاز عالم دین مفتی محمد نعیم کا انتقال پُرملال!

  

ممتاز عالم دین، جامعہ بنوریہ کراچی کے سربراہ مفتی محمد نعیم انتقال کرگئے، ان کی عمر65سال تھی،بتایا گیا کہ وہ عارضہ قلب کے مریض تھے۔ گذشتہ روز ان کو سینے میں درد اٹھا، ہسپتال لے جاتے ہوئے انہوں نے گاڑی ہی میں دنیاوی سفر کا اختتام کیا اور عالم ِ جاوداں کو روانہ ہو گئے۔ مفتی محمد نعیم ایک قابل ِ احترام قومی شخصیت تھے،جن کی بات سنی جاتی تھی۔انہوں نے مختلف دینی امور کی تشریح کی اور حسب ِ توفیق رہنمائی کا فریضہ انجام دیتے رہے۔ وہ اعتدال پسند دینی رہنما تسلیم کئے جاتے تھے،ان کی وفات سے دینی حلقوں میں بڑا خلا محسوس کیا گیا ہے۔ وزیراعظم، چیف آف آرمی سٹاف، دیگر حکومتی اور سیاسی رہنماؤں نے ان کے انتقال پر دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا،اور ان کے درجات کی بلندی کے لئے دُعا کی، اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے،اور ان کے جانشین کو انہی کی طرح اعتدال اور استدلال سے کام لینے کی توفیق عطا ہو۔

مزید :

رائے -اداریہ -