56ارب کا ٹیکس ریلیف پنجاب کی تاریخ میں پہلے کسی حکومت نے نہیں دیا: عثما ن بزدار
لاہور(خصوصی رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کورونا کی وباء نے ہر طبقے کو متاثر کیاہے۔ پنجاب بجٹ میں کمزورطبقے کے تحفظ کے لئے اقدامات تجویز کئے گئے ہیں۔ جامع منصوبہ بندی کے ذریعے عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا ہے۔56 ارب روپے کا ٹیکس ریلیف پنجاب کی تاریخ میں پہلے کسی حکومت نے نہیں دیا۔مشکل حالات کے باوجود ٹیکس ریلیف سے صوبے میں کاروباری سرگرمیاں فروغ پائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کی معاشی مشکلات کا ازالہ ہماری پہلی ترجیح ہے۔ غیر ضروری اخراجات کم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا کام صرف تنقید برائے تنقید رہ گیا ہے۔ اپوزیشن والے اپنے دور میں صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کی بجائے تکلیف دیتے رہے۔ سابق حکمرانوں نے صرف ذاتی مفادات کا تحفظ کیا۔ ماضی میں صوبے کے عوام کو خالی نعروں سے بہلایا گیا۔ عوام کھوکھلے نعرے نہیں،عملی اقدامات چاہتے ہیں۔ سردار عثمان بزدار نے مون سون سیزن سے قبل اور ممکنہ سیلاب کے پیش نظر پیشگی حفاظتی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے محکمہ آبپاشی سے حفاظتی انتظامات کے بارے میں جامع پلان طلب کر لیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ دریاؤں میں پانی کی صورتحال کو ابھی سے مانیٹر کیا جائے اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے موسم کے بارے میں مستند معلومات کا حصول یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ممکنہ سیلاب کے پیش نظر متعلقہ صوبائی ادارے ہمہ وقت چوکس رہیں۔ ضروری مشینری و آلات مکمل فنکشنل ہونے چاہئیں۔سردار عثمان بزدار نے معروف عالم دین مفتی محمد نعیم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مفتی محمد نعیم مرحوم کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کااظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے شمالی و جنوبی وزیرستان کے سرحدی علاقے گیروم کے قریب سکیورٹی فورسز پر حملے کی شدید مذمت کی ہے-وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے حملے میں شہید کیپٹن صبیح اور سپاہی نوید کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہدا ء کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کااظہار کیا ہے-
عثمان بزدار