اپوزیشن سے قربتیں بڑھ گئیں: اختر مینگل،دیگر اتحادی بھی کلمہ حق کہہ دیں: فضل الرحمن

اپوزیشن سے قربتیں بڑھ گئیں: اختر مینگل،دیگر اتحادی بھی کلمہ حق کہہ دیں: فضل ...

  

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سربراہ بلوچستان نیشنل پارٹی سردار اختر مینگل نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ذرائع کے مطابق اختر مینگل نے اپنے مطالبات سے مولانا فضل الرحمان کو آگاہ کیا جبکہ آئندہ کی مشترکہ سیاسی حکمت عملی پر مشاورت ہوئی۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار اختر مینگل نے کہا کہ ہر بات میڈیا کے سامنے نہیں رکھ سکتے لیکن یہ سچ ہے کہ اپوزیشن کے ساتھ نزدیکیاں بڑھ رہی ہیں، بات چیت چل رہی ہے جس دن ہم اپوزیشن میں آگئے تو اپوزیشن کو صحیح اپوزیشن کرکے چلائیں گے۔ ریاست،ریاستی ادارے اور حکومت دو ٹوک الفاظ میں کہہ دیں کہ ہمارے مطالبات جائز نہیں، اگر ہمارے مطالبات غیر آئینی ہیں تو ہم کسی اور کا دروازہ کھٹکائیں، یا پیرو مرشد کی درگاہ پر جائیں۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ بی این پی کے فیصلے نے امید کی کرن پیدا کی ہے اور یہ فیصلہ دیگر اتحادی جماعتوں کیلئے بھی قابل تقلید ہے۔ انہیں بھی اب بے باک انداز میں کلمہ حق کہہ دینا چاہیے۔ ضمیر کے خلاف کسی کی پیروی کرنا عزت رکھنے والے پاکستانی کی شایان شان نہیں۔انہوں نے کہا کہ معاشی لحاظ سے جب آپ کا بجٹ منفی ہوجائے تو اس سے حکومت کی مقبولیت بھی منفی ہوجاتی ہے۔ جعلی وزیراعظم کو اس بات کا اندازہ نہیں کہ ان کی اپنی مقبولیت بھی منفی ہوچکی ہے۔ ایسے مقبول لوگ پہلے بھی عوامی حمایت کے حامل نہیں تھے۔ کارکردگی کی بنیاد پر موجودہ حکمرانوں کی مقبولیت زمین بوس ہو چکی ہے۔ حکمرانوں کو اب مزید مسلط ہونے کا حق نہیں، انہیں اپنی ناکامی تسلیم کرکے فوری مستعفی ہوجانا چاہیے۔

اختر مینگل

مزید :

صفحہ اول -