ایس او پیز کی پابندی کرنیوالی دکانوں کی بندش قابل قبو ل نہیں: فیصل آباد چیمبر

ایس او پیز کی پابندی کرنیوالی دکانوں کی بندش قابل قبو ل نہیں: فیصل آباد چیمبر

  

فیصل آباد (پ ر) ایس او پی کی پابندی کرنے والی دوکانوں کی بندش قابل قبول نہیں کیونکہ اس سے بے روزگاری کے علاوہ ملکی معیشت پر بھی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں نے آرٹ اینڈ بوتیک بارے قائمہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر تاجروں کے مسائل کو بخوبی سمجھتا ہے اور ان کے حل کیلئے ہر سطح پر کوششیں بھی کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر کا شروع دن سے یہ موقف رہا ہے کہ ایس او پی کی پابندی کرنے والی دوکانوں کو کھولنے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں پابندی کرنے اور ان کی خلاف ورزی کرنے والوں میں واضح فرق ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جو دوکاندار ایس او پی کی خلاف ورزی کریں گے وہ خود ایسی دوکانوں کو بند کرا دیں گے لیکن ان کی آڑ میں پابندی کرنے والی دوکانوں کو بند کرنے کا قطعاً کوئی جواز نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس سلسلہ میں تاجروں کے ساتھ ہیں اور ایس او پی کی پابندی کرنے والوں کے موقف کو اعلیٰ سطح پر اٹھائیں گے۔ اس سے قبل ہول سیل کلاتھ بورڈ کے چیئرمین شیخ محمد فیصل نے تاجروں کے مسائل حل کرانے کے سلسلہ میں صدر چیمبر رانا محمد سکندر اعظم خاں کی کوششوں کو سراہا اور انکشاف کیا کہ لاہور اور گوجرانوالہ میں کپڑے کی تمام دوکانیں کھلی ہیں جبکہ فیصل آباد کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں ملیں چل رہی ہیں۔

لیکن مارکیٹیں بند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ملوں کی پیداوار کا نکاس نہیں ہوگا تو یہ ملیں بھی چند روز بعد بند ہو جائیں گی جس کی وجہ سے نہ صرف صنعتی امن خطرے میں پڑ جائے گا بلکہ بے روزگاری میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال سے بچنے کیلئے حکومت کو ایس او پی کی پابندی کرنے والی دوکانوں کو کھولنے کی اجازت دے دینی چاہیے۔ اجلاس میں دیگر مسائل پر بھی غور کیا گیا اور ان کے فوری حل کیلئے چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے پلیٹ فارم کو استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں محمد حبیب زاہد، زین حامد، محمد فہیم، عبدالوحید، محمد شہزاد رضا،

مزید :

کامرس -