گومل یونیورسٹی میں ڈبل روڈ کیساتھ پھولوں کی شجرکاری اور درخت لگانے کا حکم

  گومل یونیورسٹی میں ڈبل روڈ کیساتھ پھولوں کی شجرکاری اور درخت لگانے کا حکم

  

ڈیرہ اسماعیل خان(بیورو رپورٹ)وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے گومل یونیورسٹی کے مین گیٹ کو آبادی کے قریب شفٹ کرنے کیساتھ ساتھ یونیورسٹی کی خوبصورتی اور دلکشی میں اضافہ کرنے کیلئے سپورٹس کمپلیکس اور گراؤنڈ کے ساتھ بننے والے نئے مین گیٹ اور ڈبل روڈ کیساتھ پھولوں کی شجرکاری اور درخت لگانے کا حکم دیدیا۔ اس موقع پروائس چانسلر نے خوبصورت مین چوک اور اسکے ساتھ کشادہ پارکنگ کی تعمیر کا بھی حکم دیا تاکہ یونیورسٹی آنے والوں کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ایک پرسکون اور پرفضا ماحول ہی یہاں کام کرنے والے ذہنوں پر مثبت تاثر ڈال سکتا ہے، اس لئے صحیح اور وقتی انتظامی فیصلوں کے ساتھ ساتھ جامعہ کی خوبصورتی میں اضافہ میری ترجیحات میں شامل ہے تاکہ باقی جامعات میں گومل یونیورسٹی کے انتظامی امور اور خوبصورتی کو مثال کے طور پر پیش کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گومل یونیورسٹی ہمارا گھر ہے اور گھر کے سربراہ کا فرض ہوتا ہے کہ وہ اپنے گھر کو خوبصورت بنائے اور گھر میں رہنے والے افراد کو تحفظ کا احساس فراہم کرے تاکہ وہ بغیر کسی خوف کے اطمینان سے اپنے فرائض سرانجام دے سکیں۔ نئے مین گیٹ کیساتھ ڈبل روڈ کی تعمیر کے بعد جہاں ایک طرف یونیورسٹی کی خوبصورتی میں اضافہ ہو گا وہیں اس کے حفاظتی نظام میں بھی بہتری آئے گی۔ میرے اٹھائے گئے اقدامات اسی سلسلے کی ایک کڑی ہیں۔ اس موقع پر مستقبل میں کسی قسم کی بھی بدمزگی سے بچنے اور جامعہ کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے حوالے سے وائس چانسلر ڈاکٹر افتخار احمد نے اہم اقدامات کرتے ہوئے تمام (غیر ضروری/جزوی/متبادل)راستوں اور ملازمین کی رہائشی کالونی کو جانیوالے راستوں کو بھی بند کرادیا۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -رائے -