ضم شدہ اضلاع میں بچھڑوں کو فربہ کرنے کا منصوبہ شروع

ضم شدہ اضلاع میں بچھڑوں کو فربہ کرنے کا منصوبہ شروع

  

پشاور (سٹاف رپورٹر)محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈیویلپمنٹ خیبر پختونخوا کی جانب سے ضم شدہ اضلاع کو صوبے کے دیگر تریافتہ علاقوں کے برابر لانے کیلئے اور ان کی گوشت کی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے صوبے کے باقی حصوں کی طرح یہاں پر بھی بچھڑوں کو فربہ کرنے کا منصوبہ شروع کیا ہے اس حوالے سے محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈیویلپمنٹ خیبر پختونخوا کے تحت سب ڈویژن بنوں وزیر کے آفس میں محکمہ کے افسران اور مقامی مویشی پال زمینداروں کا ایک اجلاس ہوا۔اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت فارمز کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ ان فارمز کے مویشی پال مالکان، 90دنوں تک بچھڑوں کی دیکھ بھال کے پا بند بنائے گئے ہیں۔ جبکہ محکمہ ان جانوروں کو کیڑے مار ادویات اور علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرے گا۔ اسکے علاوہ چار ہزار روپے فی جانور کے حساب سے 90دنوں تک کی مد ت کیلئے کسانوں کو فیڈنگ الاوٗنس بھی دیا جائے گا۔ یہ منصوبہ وزیر اعظم پاکستان کے قومی زرعی ایمر جنسی پروگرام کے تحت شروع کیا گیا ہے تاکہ فی یونٹ گوشت کی پیداوار میں اضافہ اور ضم شدہ اضلاع میں لائیو سٹاک کے کاروبار کو فروغ دیا جائے۔ منظور شدہ پی سی۔ون کے مطابق یہ منصوبہ مشترکہ منصوبہ بندی کے ذریعے چلا یا جائے گا جو تین سال تک جاری رہے گا یعنی حکومت کسانوں کو چار ہزار روپے فی جانور کی شرح سے مالی و تکنیکی امداد بشمول جانور وں کے علاج معالجے اور مشاورتی خدمات بھی فراہم کرے گی جبکہ کسان 12سے15ماہ عمر کے دس سے تیس بچھڑوں کی 90دنوں کیلئے فارم میں دیکھ بھال کے پابند ہوں گے۔ یہ منصوبہ محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈیویلپمنٹ خیبر پختونخوا نے ضم شدہ قبائلی اضلاع کو ترقیاتی اضلاع کے برابر لانے اور ان کی محرومیوں کے ازالے کیلئے وزیر زراعت و لائیو سٹاک اور کوآپریٹیو محب اللہ خان، سیکرٹری زراعت محمد اسرارخان، ڈائریکٹر جنرل توسیع لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ عالمزیب خان اور ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹر ضم شدہ اضلاع ڈاکٹر سجاد وزیر کی ہدایات کے تحت شروع کیا گیا جس کا مقصد تمام ضم شدہ علاقوں میں بچھڑوں کو فربہ بنانے کیلئے کالف فیٹننگ فارمز قائم کئے گئے ہیں تاکہ ضم شدہ علاقوں میں '' اے آئی پی پراجیکٹ'' کے تحت گوشت کی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکے۔یہ ایسا منصوبہ ہے جس سے ایک طرف علاقے کے لوگوں کی گوشت کی ضرورت پوری ہو گی جبکہ دوسری طرف مقامی لوگوں کو بہتر اور با عزت روزگار کے مواقع ان کی دہلیز پر میسر ہوں گے۔حکومت کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے عوام بالخصوص مویشی پال زمینداروں نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، وزیر لائیو سٹاک و ڈیری ڈیری ڈیویلپمنٹ محب اللہ خان،سیکرٹری زراعت محمد اسرارخان اور ڈائریکٹر جنرل توسیع لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ عالمزیب خان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے اور حکومت کے اس اقدام کو علاقے کی ترقی کیلئے سنگ میل قرار دیا ہے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -رائے -