کراچی: خاتون کو اغوا کرنے کی کوشش ناکام

  کراچی: خاتون کو اغوا کرنے کی کوشش ناکام

  

کراچی(کرائم رپورٹر)کراچی کے علاقے گلشن معمار میں خاتون کو اغوا کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ ملزمان کی فائرنگ سے شوہر جاں بحق ہو گیا۔ پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد اغوا کار دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، گرفتارملزمان خاتون کے کزن ہیں جس سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔گلشن معمار انڈس ویلج میں ملزمان گھر میں داخل ہوئے، گھر کے مالک سراج کی جانب سے مزاحمت کی گئی تو ملزمان نے فائرنگ کر دی۔ پولیس کو 15 پر ڈکیتی کی اطلاع ملی۔ پولیس موقعے پر پہنچی تو ملزمان خاتون کو اغوا کرکے لے جا رہے تھے۔پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کرلئے گئے جبکہ مغوی خاتون کو بھی بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔ فائرنگ کی زد میں آ کر راہگیر رب نواز زخمی ہوا۔پولیس کے مطابق مقتول نے چند سال قبل پسند کی شادی کی تھی، ملزمان خاتون کے کزن ہیں جو اسے اغوا کرنے آئے تھے۔ مزاحمت کرنے پر شوہر سراج کو گولی مار کر قتل کیا گیا تھا۔ ملزمان نے مقتول کے سر اور جسم کے مختلف حصوں پر چھ گولیاں ماری، مقتول سراج دو بیٹیوں کا باپ اور انڈس ویلج میں پانچ سال سے رہائش پزیر تھا، پولیس نے خاتون کا بیان قلمبند کرکے ملزمان سے تفتیش شروع کر دی۔

مزید :

صفحہ آخر -