صوبے میں ہزار سے زائد وینٹی لیٹڈ آئی سی یو بیڈز کا قیام عمل لایا جارہا ہے: تیمور سلیم جھگڑا

صوبے میں ہزار سے زائد وینٹی لیٹڈ آئی سی یو بیڈز کا قیام عمل لایا جارہا ہے: ...

  

پشاور (سٹاف رپورٹر) خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور سیلم خان جھگڑا اورسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے صوابی میں واقع باچاخان میڈیکل کمپلیکس میں منصوبوں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر مشیر وزیراعلیٰ برائے صنعت و تجارت عبدالکریم خان بھی موجود تھے۔ تیمور جھگڑا، اسد قیصر اور عبدالکریم نے باچا خان میڈیکل کمپلیکس میں وائرالوجی ڈیپارٹمنٹ، آئی۔سی۔یو وارڈ، 20 بستروں پر مشتمل سنٹرل آکسیجن سپلائی کے حامل ہائی ڈیپنڈنسی یونٹ، ہاؤس آفیسرز کے لیے ہاسٹل اور واٹرفلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر تیمور سلیم جھگڑا نے صحت کے شعبے میں جاری اور مکمل شدہ منصوبوں کے حوالے سے میڈیا کو آگاہ کیا۔ تیمور جھگڑا کا کہنا تھا کہ کورونا کی وجہ سے تمام دنیا میں صحت کے شعبہ کو ترجیح دی جا رہی ہے اور ہم نے بھی صحت کے شعبے کے لئے سب سے زیادہ بجٹ مختص کیا اور کورونا وباء سے نمٹنے کے لیے الگ سے فنڈز مختص کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورے صوبے میں آئی سی یو اور آیچ ڈی یو بستروں کی تعداد بڑھا دی ہے اور اسے مزید بڑھانے پر کام جاری ہے۔ اگلے ڈیڑھ ماہ میں مزید 1000 ہزار وینٹی لیٹڈ آئی سی یو بیڈز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ اسی طرح کورونا وباء کے خلاف صف اول کا کردار ادا کرنے والے ڈاکٹرز کو درپیش مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب ہم اس وباء پر قابو پا لیں گے۔ اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ اگلے دو سے تین سال میں ضلع صوابی ہیلتھ اور ایجوکیشن کا ماڈل ضلع ہوگا۔ باچا خان میڈیکل کمپلیکس کو مکمل سولرائز کیا جائے گا۔ صوابی یونیورسٹی میں طلبہ کے ہاسٹلز، لائبریری اور دیگر تعلیمی سہولیات کے لئے اربوں روپے منظور کئے گئے ہیں۔ گرلز کامرس کالج کے لئے صوابی میں کہیں جگہ چاہیے۔صوابی ٹوپی ڈبل روڈ اس بجٹ میں منظور کرلیا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اسی لیے وہ بھی عمران خان کی قیادت میں خدمت خلق کے جذبے کے طور پر کر رہے ہیں۔

مزید :

صفحہ اول -