پیپلزپارٹی کی کرپشن،بے حسی نے سندھ کو صدیوں پیچھے دھکیل دیا، شہباز گل

پیپلزپارٹی کی کرپشن،بے حسی نے سندھ کو صدیوں پیچھے دھکیل دیا، شہباز گل

  

اسلام آباد (این این آئی) ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کی حکومت صرف پریس کانفرنس اور بیانات تک محدود ہے اور وفاق پر الزامات کو کارکردگی سمجھتی ہے۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے وزیراعظم کو چیلنج کیا تھا کہ سندھ کے ہسپتال ملک میں بہترین ہیں جس پر وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے چیلنج کا جواب دیتے ہوئے جیک آباد ڈسٹرکٹ ہسپتال کی حالت زار منظر عام پر لے آئے۔ڈاکٹر شہباز گل نے جیک آباد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا دورہ کیا جس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنی آنکھوں سے دیکھ آیا کہ سندھ کے ہسپتالوں سے بہتر تو بلوچستان کے ہسپتال ہیں، بلاول میاں، جیکب آباد ڈسٹرکٹ کا سب سے بڑا ہسپتال کھنڈر کا منظر پیش کر رہا ہے، یہاں کورونا تو دور کسی عام مرض کا علاج بھی ممکن نہیں ہے۔ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ بلاول زرداری کے دعوؤں کے برعکس یہاں انسانوں سے جانوروں جیسا سلوک روا ہے، عوام گدھا گاڑی میں مریض کو ہسپتال لارہے ہیں جہاں گندگی کے ڈھیر ان کا منہ چڑھا رہے ہیں، خطرہ ہے کارڈیالوجی سینٹر کی چھت کسی لمحے سر پر آن گرے۔وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ زمینی حقائق یہ ہیں کہ پیپلزپارٹی کی کرپشن اور بے حسی نے سندھ کو صدیوں پیچھے دھکیل دیا ہے، ہسپتال کے وارڈز میں اندھیرے اور گندگی کی حکمرانی ہے، وفاقی حکومت پاکستان بھر میں مالی امداد، وینٹیلیٹرز اور ضروری سامان فراہم کر رہی ہے۔

شہباز گل

مزید :

صفحہ آخر -