پاکستان میں کوروناسے 3500 سے زائد اموات، لیکن بیشتر مرحومین کی عمر کیا تھی؟ حکومتی اعدادوشمار سامنے آگئے

پاکستان میں کوروناسے 3500 سے زائد اموات، لیکن بیشتر مرحومین کی عمر کیا تھی؟ ...
پاکستان میں کوروناسے 3500 سے زائد اموات، لیکن بیشتر مرحومین کی عمر کیا تھی؟ حکومتی اعدادوشمار سامنے آگئے

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد تین ہزار پانچ سو نوے  جب کہ متاثرین کی تعداد 181,088ہوگئی ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے حکومتی اعدادوشمار بتاتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں جاں بحق ہونے والےبیشتر افراد کی عمر 50سال سے زیادہ ہے۔ ڈان نیوز نے ان کی پریس کانفرنس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ  وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ کورونا کے سبب ہوئی اموات میں 72 فیصد یا ڈھائی ہزار افراد وہ تھے جن کی عمر 50 سال سے زائد تھی۔اور ان میں سے بھی 70 فیصد وہ تھے جنہیں فشار خون (بلڈ پریشر)، ذیابطیس یا عارضہ قلب لاحق تھا ان کے علاوہ کینسر، پھیپھڑوں اور گردے کے امراض کا شکار افراد بھی خطرے کا شکار ہیں۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے عوام سے اپیل کی کہ بزرگ عوام کی حفاظت کو یقینی بنائیں اورغیر ضروری نقل و حرکت بالخصوص عوامی مقامات اور پبلک ٹرانسپورٹ سے گریز کریں۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ اگر کوئی ضعیف بیمار ہوجائے تو انہیں فوری طور پر ایک تنہا کمرے میں منتقل کردیں اور بستر، میز، فرش اور کمرے کو مسلسل صاف کرتے رہیں کیوں کہ بیمار لوگوں کے لیے وائرس کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔علاوہ ازیں بزرگ افراد ماسک پہنیں تا کہ بیماری سے متاثر ہونے کا امکان کم سے کم ہو۔

خیال رہے پاکستان میں کورونا وائرس کے پھیلاو کا سلسلہ ابھی تھما نہیں ہے اور روزانہ کی بنیاد پر سیکڑوں کیسز اور درجنوں اموات رپورٹ ہو رہی ہیں۔

مزید :

قومی -کورونا وائرس -