وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے حوالے سے اجلاس طلب کرلیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے حوالے سے اجلاس طلب کرلیا،صحت حکام وزیراعظم کو کورونا وائرس سے متعلق اجلاس میں بریفنگ دیں گے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز نے ذرائع کے حوالے سے کہاہے کہ اجلاس میں مرض پھیلنے کی شرح اورروک تھام کے اقدامات کے بارے میں وزیر اعظم کو بریفنگ دی جائے گی،وزیراعظم کو کورونا کیسز کی تعداد،تشخیص اورعلاج کی سہولتوں کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔
وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں طبی مقاصد کیلئے آکسیجن گیس اورسلنڈر کی بلاتعطل فراہمی کاجائزہ لیا جائیگا،این ڈی ایم اے حکام بھی ملک بھرمیں ضرورت کے تحت طبی سازوسامان کی فراہمی پربات کریں گے،ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ملک بھر میں وینٹی لیٹرز،آکسیجن بیڈزکی تعداد بڑھانے جیسے فوری اقدامات پر بات ہوگی ،اس کے علاوہ سمارٹ لاک ڈاؤن کے نتائج،نو ماسک نو سروس مہم سے متعلق بھی بریفنگ دی جائے گی۔