چین بھارت کشیدگی ، چینی فضائیہ نے لداخ میں بھارتی ایئر فورس کی’ نیندیں “ اڑا کر رکھ دیں
ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن )لداخ میں چینی اور بھارتی فوج کے درمیان جھڑپوں کے باعث حالات کشیدہ ہو گئے ہیں جس کے پیش نظر چین نے حفاظتی اور دفاعی اقدامات کر لیے ہیں جبکہ بھارت کی جانب سے بھی سرحد پر فوج بڑھا دی گئی ہے تاہم اب عالمی سطح پر دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کو کم کروانے کیلئے کوششیں بھی جاری ہے ۔
ان حالات میں بھارتی ایئر فور س کے چیف مارشل ” آر کے ایس بہادریہ “ نے دعویٰ کیاہے کہ ان کی فضائیہ نے چین کی پیپلز لبریشن آرمی ایئر فورس کی لداخ میں غیر معمولی حرکت محسوس کی ہے ۔“ان کا کہناتھا کہ بھارت لائن آف ایکچوئل کنٹرول کی دوسری جانب لداخ اور چینی ایئر فورس کی بیسز پر چین کی ڈپلاﺅمنٹ سے آگاہ تھا۔
بھارتی ایئر چیف نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ موسم گرما کے دوران وہاں پر معمول کی مشق جاری تھیں لیکن اس وقت ہم نے وہاں پر غیر معمولی تعیناتیاں محسوس کی ہیں جس کے باعث ہم نے بھی ضروری اقدامات کیے ہیں ۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم چین کے ساتھ اس وقت حالت جنگ میں نہیں ہیں لیکن کسی بھی ہنگامی صورتحال کیلئے تیار ہیں ۔ہماری تمام کوششیں یہی ہیں کہ لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر معاملات کو پرامن طریقے سے حل کیا جائے ۔
بھارتی ایئر چیف نے چین کی فوج نے بھارتی علاقے میں اندر 2 کلومیٹر تک پیش قدمی کی مزید تفصیل میں جانے کے پہلو کو نظر انداز کیا اوراس کی جگہ وہ کہنے لگے کہ لداخ میں فضائی نگرانی کو بڑھا دیا گیاہے ۔
یاد رہے کہ لداخ میں ایل اے سی پر جھڑپوں کے دوران چین نے بھارت کے کرنل سمیت 20 فوجیوں کو ہلاک کر دیا تھا ۔