کورونا وائرس، سندھ میں اب تک کتنے پولیس اہلکار جان کی بازی ہار چکے ہیں؟ افسوسناک تفصیلات مںظرعام پر

کورونا وائرس، سندھ میں اب تک کتنے پولیس اہلکار جان کی بازی ہار چکے ہیں؟ ...
کورونا وائرس، سندھ میں اب تک کتنے پولیس اہلکار جان کی بازی ہار چکے ہیں؟ افسوسناک تفصیلات مںظرعام پر

  

کراچی (ویب ڈیسک) سندھ پولیس کے مزید 22 ملازمین کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں جبکہ اس عالمی وبا سے انتقال کرنے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کی تعداد 13 ہوگئی ہے۔

روزنامہ جنگ کے ذرائع کے مطابق اتوار کی صبح تک سندھ پولیس کے کورونا وائرس سے متاثر ملازمین کی تعداد 1022 تھی جو 22 مریضوں کے اضافے کے ساتھ پیر کی صبح تک 1044 ہوگئی ہے۔

اخباری ذرائع کے مطابق اتوار کو چھٹی ہونے کی وجہ سے کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد اس ڈیٹا بیس میں شامل نہیں کی جاسکی اس کی وجہ سے ریکارڈ میں کورونا وائرس صحتیاب کیسز 270 ہی ہیں اور پولیس میں کورونا وائرس کے کل ایکٹو کیسز 761 ہوگئے ہیں۔

گزشتہ روز حیدرآباد میں کورونا وائرس میں مبتلا پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل ثمر عباس انتقال کر گئے تھے جبکہ 9 جون کو حیدر آباد میں کورونا وائرس سے انتقال کر جانے والے پولیس انسپکٹر رانا شفیق کی کورونا پازیٹیو کی دستاویزات موصول ہونے کے بعد ان کا نام سندھ پولیس کے کورونا وائرس ڈیٹا بیس میں شامل کرلیا گیا ہے، جس کے باعث سندھ پولیس کے کورونا وائرس سے انتقال کر جانے والے ملزمین کی تعداد 13 ہوگئی ہے۔

اخباری ذرائع نے بتایا کہ کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے پولیس ملازمان کو شہید کا درجہ دینے کے لیے آئی جی سندھ کی جانب سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو سمری بھجوائی جا چکی ہے۔ سندھ حکومت کی جانب سے اس سمری کی منظوری کے بعد کورونا وائرس سے انتقال کر جانے والے سندھ پولیس کے تمام ملازمین کے ورثا کو شہداءکی مراعات دی جائیں گی۔

کورونا وائرس سے انتقال کر جانے والے ملازمین کو حادثاتی شہید کا درجہ دیا جارہا ہے جس کے تحت شہید کے خاندان کے کسی ایک خونی رشتہ دار کو پولیس میں ملازمت دی جائے گی۔ شہید کی ریٹائرمنٹ کی عمر تک خاندان کو مکمل تنخواہ اور دیگر تمام مراعات فراہم کی جائیں گی اور شہید کے بچوں کی شادیوں یا تعلیمی اخراجات کے سلسلے میں اسکالرشپ دی جائے گی۔

شہید کی فیملی اگر سرکاری کوارٹر یا فلیٹ میں مقیم ہے تو شہید کی ریٹائرمنٹ کی عمر تک اس رہائش کی سرکاری سہولت فراہم برقرار رہے گی۔ پولیس ذرائع کے مطابق کورونا وائرس سے شہید پولیس ملازم کے ورثاءکو حادثاتی موت کی کیٹیگری کے 10 لاکھ روپے امداد کے طور پر فراہم کیے جائیں گے۔

مزید :

علاقائی -سندھ -کراچی -کورونا وائرس -