چین سے پسپائی لیکن بھارت اب پاکستان میں کیا کر سکتا ہے؟ وزیر خارجہ نے خبردار کردیا

چین سے پسپائی لیکن بھارت اب پاکستان میں کیا کر سکتا ہے؟ وزیر خارجہ نے خبردار ...
چین سے پسپائی لیکن بھارت اب پاکستان میں کیا کر سکتا ہے؟ وزیر خارجہ نے خبردار کردیا

  

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کے مختلف علاقوں میں موجود سلیپرسیلز کو متحرک کرسکتا ہے، ہمیں ایسے واقعات کا غور سے جائزہ لینا ہوگا۔

روزنامہ پاکستان کے مطابق شمالی وجنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز پر حملے میں کیپٹن اور سپاہی کی شہادت پر اپنے بیان میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ وزیرستان ہو یا ایل او سی پر فائرنگ، بھارت کو پاکستان کا امن ایک آنکھ نہیں بھاتا۔ بھارت افغانستان میں بھی امن نہیں چاہتا اور وہاں بھی تخریب کار کا کردار ادا کررہا ہے۔ بی جے پی کی سرکار بے پناہ دباؤ میں ہے، لداخ میں رسوائی پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ ان سوالات سے توجہ ہٹانے کیلئے بھارت پاکستان کے مختلف علاقوں میں موجود سلیپرسیلز کو متحرک کرسکتا ہے۔ کراچی میں ایسے واقعات ہوئے ہیں۔ بھارت لائن آف کنٹرول میں بھی سیزفائرکی خلاف ورزیوں میں اضافہ کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئی صورتحال پر اوآئی سی کے وزرائے خارجہ سے کل رابطہ کروں گا، بھارت کی حرکتیں نامناسب ہیں۔علاوہ ازیں سارک کے ایوان صنعت وتجارت کا صدر بننے پر افتخار علی ملک کے نام ایک تہنیتی خط میں وزیر خارجہ نے خطے میں امن واستحکام کیلئے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات کیلئے پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سارک کے رکن ممالک اور ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ صحت کے شعبے خصوصاً کورونا وائرس کے تناظر میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام جنوبی ایشیائی ممالک کے مقابلے میں اس وقت پاکستان کے پاس کورونا کے سب سے زیادہ ٹیسٹ کرنے کی استعداد کار موجود ہے جو یومیہ 20 ہزار ہے۔

وزیر خارجہ نے خطے میں امن واستحکام کیلئے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات کیلئے پاکستان کی خواہش کا بھی اعادہ کیا۔ انہوں نے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے نئے تجارتی مراکز قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

مزید :

علاقائی -اسلام آباد -