سرکاری پناہ گاہ میں 57نابالغ لڑکیوں میں کورونا وائرس کی تصدیق

سرکاری پناہ گاہ میں 57نابالغ لڑکیوں میں کورونا وائرس کی تصدیق
سرکاری پناہ گاہ میں 57نابالغ لڑکیوں میں کورونا وائرس کی تصدیق

  

نئی دہلی(ڈیلی پاکستان آن لائن)دنیا بھرمیں  گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ریکارڈ ایک لاکھ تراسی ہزار کیسز سامنے آئے ہیں جس پر عالمی ادارہ صحت نے تشویش ظاہر کی ہے۔

ہمسائیہ ملک بھارت بھی کورونا وائرس کی شدید لپیٹ میں ہے جہاں روزانہ کی بنیادوں پر کیسز میں پریشان کن اضافہ ہورہا ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر کانپور میں ایک سرکاری پناہ گاہ میں 57 نابالغ لڑکیوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

زیادہ تر لڑکیوں میں اس وائرس کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔ جن لڑکیوں میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی انھیں آئسولیشن سنٹر میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

بی بی سی کے مطابق حکام نے بتایا ہے کہ ان 57 لڑکیوں میں سے پانچ ایسی کم عمر لڑکیاں بھی ہیں جو حاملہ ہیں۔

حکام کے مطابق گذشتہ ہفتے ایک لڑکی کو جب بخار ہوا تو اسے ہسپتال لے جایا گیا۔جب اس لڑکی کا ٹیسٹ مثبت آیا تو پھر اس پناہ گاہ میں دیگر لڑکیوں کا بھی ٹیسٹ کیا گیا۔ اس پناہ گاہ کے ایک ملازم میں بھی اس وائرس کی تصدیق ہوئی ہے تاہم حکام کو ابھی یہ معلوم نہیں ہے کہ وہ کیسے اس وائرس میں مبتلا ہوا۔

اترپردیش ریاست جہاں کانپور موجود ہے، کے کمیشن برائے خواتین کا کہنا ہے کہ کانپور شیلٹر ہوم کی زیادہ تر لڑکیوں پر جنسی تشدد کیا گیا ہے۔

پولیس افسر دینش کمار کے مطابق  شیلٹر ہوم کے اندر کوئی غلط کام یا جرم سرزد نہیں ہو رہا ہے۔

پولیس افسر کا کہنا ہے کہ جو پانچ لڑکیاں حاملہ ہیں ان کو مختلف اضلاع سے کانپور کی پناہ گاہ میں لایا گیا تھا جو اس وقت حاملہ تھیں۔ تاہم پولیس کے مطابق اس پہلو سے بھی اس معاملے کی تفتیش کی جارہی ہے۔شیلٹر ہوم کو سیل کر دیا گیا ہے اور اس کے تمام عملے کو قرنطینہ میں داخل کر دیا گیا ہے۔

ان کے کہنا ہے کہ مردوں کو اس شیلٹر ہوم میں جانے کی اجازت ہی نہیں ہے۔ ان کے مطابق انھوں نے خود کئی بار اس پناہ گاہ کا دورہ کیا ہے اور اس حوالے سے کسی بھی طرح کی قیاس آرائی مناسب نہیں ہے۔

خیال رہے گزشتہ روز بھارت  میں کورونا وائرس سے متاثرہ 15000 سے زائد نئے مریض سامنے آئے ہیں جس کے بعد متاثرین کی کل تعداد 410،461 ہو گئی ہے۔جان پاپکنز یونیورسٹی کے مطابق انڈیا میں ایک دن میں 15 ہزار سے زائد متاثرین کی یہ تعداد ابھی تک ملک میں یومیہ متاثرین کی سب سے زیادہ تعداد بنتی ہے۔

انڈیا میں اس وائرس سے ابھی تک 13،254 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

امریکہ، برازیل اور روس کے بعد چوتھے نمبر پر انڈیا میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد سب سے زیادہ بنتی ہے۔

اس وقت چار لاکھ سے زائد کورونا وائرس متاثرین کے ساتھ انڈیا متاثرین کی سب سے زیادہ تعداد کے اعتبار سے دنیا میں چوتھے نمبر پر ہے۔

مزید :

بین الاقوامی -کورونا وائرس -