نوجوان نے نئی گرل فرینڈ کو اپنی محبت دکھانے کیلئے پرانی محبوبہ کو قتل کردیا
ماسکو (ڈیلی پاکستان آن لائن) روس میں ایک 19 سالہ نوجوان نے اپنی محبوبہ کو اپنی محبت اور وفاداری کا یقین دلانے کیلئے اپنی پرانی گرل فرینڈ کو قتل کردیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 19 سالہ الیکسی پیٹروف نے حال ہی میں ایکاترینا ایوانووا کے ساتھ بریک اپ کرکے 20 سالہ انتاسیا پوسپلووا کے ساتھ دوستی کی تھی۔ نئی محبت میں گرفتار ہونے والے نوجوان جوڑے میں اکثر پرانی محبت کے معاملے پر جھگڑا ہوتا رہتا تھا ، ان جھگڑوں سے تنگ آکر اور انتاسیا پر اپنی محبت ثابت کرنے کیلئے پیٹروف نے اپنی پرانی گرل فرینڈ کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا۔
پیٹروف اور انتاسیا نے ایکاترینا کو پکنک کیلئے بلایا ، پکنک کے دوران انہوں نے ایکاترینا کو نشیلی دوا دینے کی کوشش کی لیکن اس نے مشروب پینے سے انکار کردیا جس کے بعد انتاسیا نے ایکاترینا کو دبوچ لیا اور پیٹروف نے اس کی گردن پر خنجر سے وار کردیا۔
اس اچانک حملے میں زخمی ہونے والی ایکا ترینا کسی طرح وہاں سے بھاگی اور اس نے اپنے ایک دوست کو فون کرکے بتایا کہ اسے قتل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اسی دوران پیٹروف اور انتاسیا نے اسے دوبارہ پکڑ لیا، پیٹروف نے اس کے دل میں خنجر گھونپ دیا جس کے بعد دونوں نے مل کر اس کا گلا گھونٹ دیا جس سے ایکا ترینا کی موت واقع ہوگئی۔ پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، اگر ان پر جرم ثابت ہوگیا تو انہیں 15 سال قید کی سزا سنائی جاسکتی ہے۔