پی جی ایم آئی کے تین ملازمین کی سپرنٹنڈنٹ کے عہدے پر ترقی

  پی جی ایم آئی کے تین ملازمین کی سپرنٹنڈنٹ کے عہدے پر ترقی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 لاہور(جنرل رپورٹر)پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے 3ملازمین کو گریڈ 17میں ترقی دے کر سپرنٹنڈنٹ کے عہدے پر تعینات کر دیا گیا۔ ترقی پانے والوں میں راحیلہ مصطفی،غلام محسن اور محمد مقصود انور شامل ہیں۔پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے ان ملازمین کو پرموشن پر مبارکباد دیتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ وہ مستقبل میں بھی زیادہ محنت اور پیشہ وارانہ لگن کے ساتھ اپنے فرائض منصبی سر انجام دیں گے اور خود کو اس ترقی کا عملی طور پر اہل ثابت کریں گے۔اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ پس پردہ دفاتر میں بیٹھ کر کام کرنے والے عملے کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں۔

، اُن کا اپنی جگہ کردار اہم ہے اور بالخصوص پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج جیسے ادار ے میں فرائض سر انجام دینے والے زیادہ توجہ کے حقدار ہیں کیونکہ اس انسٹی ٹیوٹ سے فارغ التحصیل ہونے والے دنیا بھر میں طبی خدمات سر انجام دیتے ہیں۔ پروفیسر الفرید ظفر نے یقین دلایا کہ اُن کے زیر نگرانی ملازمین کی بر وقت ترقی کو یقینی بنایا جائے گا اور کسی بھی ایسے اقدام میں تاخیر نہیں کی جائے گی جو ادارے کی بہتری میں معاون ثابت ہو سکے۔  اس موقع پر ترقی پانے والے ملازمین نے پرنسپل کو یقین دلایا کہ وہ ادارے کی بہتری کیلئے اپنی تمام صلاحتیں و توانائیاں بروکار لائیں گے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ ان تینوں ترقیوں کے بارے میں محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیے ہیں جس کے بعد انہوں نے سپرنٹنڈنٹ کے عہدوں کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔