میری آمد سے یو اے ای میں مسلم لیگ ن مضبوط اور متحد ہوئی : عبدالمجید مغل

میری آمد سے یو اے ای میں مسلم لیگ ن مضبوط اور متحد ہوئی : عبدالمجید مغل
میری آمد سے یو اے ای میں مسلم لیگ ن مضبوط اور متحد ہوئی : عبدالمجید مغل

  

دبئی (طاہر منیر طاہر) پی ایم ایل این امارات کا چیف آرگنائزر بننے سے قبل امارات میں مسلم لیگ ن عدم توازن کا شکار اور غیر منظم تھی۔ جب سے میں نے پی ایم ایل این یو اے ای کے چیف آرگنائزر کا چارج سنبھالا ہے میں نے اسے منظم کیا ہے اور تمام کارکنوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی کوشش کی ہے ، ان خیالات کا اظہار پرانے مسلم لیگی عبدالمجید مغل چیف آرگنائزر پی ایم ایل این متحدہ عرب امارات نے کیا۔

عبدالمجید مغل نے ایک ملاقات میں بتایا کہ ماضی میں بہت سے فیصلے باہمی صلاح و مشورہ اور مشاورت کے بغیر ہوئے ہیں جس پر پی ایم ایل این کے کارکنان تحفظات کا شکار تھے۔ پی ایم ایل این کے صدر نے بہت سے فیصلے یکطرفہ اور جنرل سیکریٹری کی مشاورت کے بغیر کئے ہیں جس پر کارکنان سخت نالاں ہیں اور تحفظات کا شکار ہیں۔

عبدالمجید مغل نے کہا کہ جمہوریت کا تقاضہ یہ ہے کہ تمام فیصلے باہمی مشاورت کے ساتھ کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ 1978ءمیں جب پاکستان مسلم لیگ ن کی ممبر سازی شروع ہوئی وہ تب سے نارہ مٹو‘ تحصیل کہوٹہ سے پی ایم ایل این کے ممبر ہیں۔ 1978ءسے اب تک 43سال ہو گئے ہیں اور انہیں اس بات پر فخر ہے کہ وہ سینئر مسلم لیگی ہیں۔ یو اے ای میں بطور پی ایم ایل این ورکر ان کی آمد 2005میں ہوئی اور وہ گزشتہ 16سالوں میں پی ایم ایل این‘ یو اے ای میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ 2020ءمیں وہ پی ایم ایل این یو اے ای کے چیف کوآرڈینیٹر تھے اب 2021ءمیں وہ چیف آرگنائزر پی ایم ایل این‘ یو اے ای کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں۔

عبدالمجید مغل نے بتایا کہ وہ پی ایم ایل این کے تمام کارکنوں کو ایک پلاٹ فارم پر متحد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ مسلم لیگ ن مضبوط ہو اور اس کا ووٹ بینک بڑھے۔ عبدالمجید مغل نے بتایا کہ ان کے اور چوہدری فیصل الطاف کے درمیان کچھ اختلافات تھے جنہیں پی ایم ایل این یو اے ای کے جنرل سیکریٹری چوہدری ظفر اقبال نے دور کروایا ہے۔ عبدالمجید مغل نے کہا کہ چوہدری ظفر اقبال مسلم لیگ ن کے ساتھیوں کو متحد کرنے اور مسلم لیگ ن کو مضبوط کرنے کے سلسلہ میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ 2005ءکا ذکر کرتے ہوئے عبدالمجید مغل نے کہا کہ انہوں نے اپنے چھوٹے بھائی غلام مصطفی مغل کو اس وقت کے صدر امجد بٹ پسروری مرحوم کے ساتھ جنرل سیکریٹری مقرر کروایا تھا اور خود کوئی عہدہ نہیں لیا تھا۔

عبدالمجید مغل نے بتایا کہ انہوں نے شارجہ‘ دبئی‘ ام القوین‘ الفجیرہ اور راس الخیمہ میں نئے یونٹ بنائے اور پرانے یونٹس کو فعال کیا ہے جس سے پی ایم ایل این یو اے ای میں جان پڑ گئی ہے اور یہاں پی ایم ایل این بہتر انداز میں کام کر رہی ہے جبکہ پی ایم ایل این امارات کے بینر تلے انہوں نے اپنے ساتھیوں کے تعاون سے بڑے بڑے ایونٹس بھی کروائے ہیں جس سے مسلم لیگ ن عالمی سطح پر اُجاگر ہوئی ہے۔ عبدالمجید مغل نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ امارات بھر میں مسلم لیگ ن کی زیادہ سے زیادہ ممبر سازی کریں اور مسلم لیگ ن کو مضبوط کریں تاکہ مسلم لیگ ن کا ووٹ بینک بڑھے اور آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ ن بھاری اکثریت سے کامیاب ہو۔ 

مزید :

تارکین پاکستان -