سندھ حکومت کو ’ شہباز گل 2‘ کی تلاش ۔۔ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے اہم وجہ بھی بیان کردی
کراچی (ڈیلی پاکستا ن آن لائن ) وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت جان بوجھ کر تنقید کا نشانہ بناتی ہے، وزیرا عظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل کے بیان پر کوئی بات نہیں کروں گا، حکومت چاہتی ہے کہ ہماری طرف سے وزیرا علیٰ عثمان بزدار پر تنقید کی جائے ، ان کو جواب دینے کیلئے شہبازگل2 کی تلاش جاری ہے جو کہ ہمیں مل نہیں رہا۔
تفصیلا ت کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وراثتی سرٹیفکیٹ کے اجرا کے لئے ڈی ایچ اے نادرا ا آفس کا افتتاح کردیا ہے، افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے قانون میں ترامیم کرکے وراثتی اور لیٹر آف ایڈمنسٹریشن کا اجرا نادرا کے ذریعے کیا ہے، حکومت کا یہ انقلابی قدم ہے اور یہ عوام کے لئے بڑی سہولت بن جائے گا،سندھ پہلا صوبہ ہے جس نے نادرا کے ساتھ مل کروراثتی سرٹیفکیٹ کا کا م شروع کیا ہے پہلے یہ عدالت کے ذریعے جاری ہوتا تھا اور عدالتیں تین سے چھ ماہ اور کبھی پانچ سال میں جاری کرتی تھیں۔نادرا کی جانب سے سرٹیفکیٹ کے لئے ون ونڈو آپریشن شروع کیا گیا ہے جس کے تحت اب 15یوم میں سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ نادرا کی سروسز ڈلیوری کا ریکارڈ بہت اچھا ہے ان کی محنت سے سہولت سنٹر کا آغاز کرنے جارہے ہیں،25جون سے نادرا دفاتر میں سہولیات کی فراہمی شروع ہو جائے گی،سندھ بھر میں نادرا سہولت سنٹر قائم کئے جارہے ہیں،وراثتی سرٹیفکیٹ کے حصول کے لئے درخواست گزار کو نادرا کے دفتر میں انتقال کرنے والے شخص کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا۔ ایک لاکھ سے کم اثاثے ہونے پر اس کی فیس10ہزا ر ہو گی جبکہ ایک لاکھ سے زیادہ ہونے پر فیس 22ہزار مقرر کی گئی۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ چاروں صوبوں میں سے کسی نے بھی کورونا ویکسین خود نہیں خریدی، تمام تر ویکسین وفاقی حکومت خرید کر صوبوں کو مہیا کررہی ہے،پچھلی این سی او سی کی میٹنگ میں کہا گیا تھا کہ صوبے ویکسی نیشن کا عمل تیز کریں لیکن ملک بھر میں ویکسین کی کمی ہوگئی،ویکسین کا ذمہ وفاق نے لے رکھا ہے، ہمارے پاس کورونا ویکسین کا ریکارڈ موجو دہے،مجھے نہیں پتا کہ 26ارب روپے کی ویکسین کہاں گئی، ہمیں کہاگیا تھا کہ ویکسین مل جائے گی فکر نہ کریں۔سپریم کورٹ کے حکم پر عمل کرنے کے پابندہیں۔