وفاقی کابینہ کا اجلاس، متعدد اہم فیصلے کر لیے گئے
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )وفاقی کابینہ نے گندم کی درآمد سمیت متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں ہوا جس میں 17 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔اجلاس میں ملکی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے کابینہ نے 10 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری دی گئی۔کابینہ اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ کابینہ نے ممنوعہ اسلحہ کےلائسنس کے اجرا کامعاملہ موخر کردیا ہے، ملک ضرورت کے پیش نظر 10 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے، کابینہ نے پبلک پراپرٹی انکروچمنٹ بل 2021کی منظوری دے دی۔ سرکاری اراضی پر قبضے کےخلاف موثر قانون سازی کے لیے بل لارہے ہیں، کابینہ نے سپریم کورٹ اسٹاف ہاؤسنگ کالونی کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ،اس کے علاوہ عاصم رؤف کی بطور چیئرمین ڈریپ مدت ملازمت میں 3 ماہ کی توسیع کی گئی ہے۔ اسلم خان کو پی آئی اے کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو نواز شریف اور آصف زرداری پر بھروسہ نہیں تھا، عمران خان کے اقتدار میں آتے ہی ترسیلات زر میں اضافہ ہوا، اپوزیشن کو اوورسیز پاکستانیوں کوووٹ کاحق دینے سے خوف کیوں ہے؟ الیکشن کمیشن ایک انتظامی ادارہ ہے جس کا کام قانون پر عمل درآمد کرنا ہے، الیکشن کمیشن پارلیمنٹ سے پاس قانون پر عمل کرانے کا پابند ہے، الیکشن کمیشن حکام کی ذمہ داری ہے کہ آئندہ انتخابات کو الیکٹرانک ووٹنگ پر منتقل کریں، آئین سے متصادم قوانین پر فیصلہ سپریم کورٹ کرے گی، الیکشن کمیشن کا کام سیاست نہیں ہے ، اگر کسی کو سیاست کرنی ہے تو پھر اپنی پارٹی بنا کر سیاست کریں۔