وزیراعظم پورٹل پر خاتون کی شکایت پر کارروائی نہ کرنے والے افسران کے خلاف وزیراعظم نے بڑا ایکشن لے لیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعظم عمران خان نے سٹیزن پورٹل پر خاتون ہراسگی کیس کی شکایت پر کارروائی نہ کرنے والے افسران کو معطل کرنے کا حکم جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر پی ایم ڈلیوری یونٹ نے ڈی جی ایف آئی اے کو اپنے غیر ذمہ دار افسران کے خلاف انکوائری کرکے سخت ایکشن لینے اور معطل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔خاتون نے ہراسگی کے باعث یونیورسٹی سے نوکری چھوڑ کر ایف آئی اے سے رجوع کیا تھا لیکن ایف آئی اے افسران کے عدم تعاون کی وجہ سے اس نے مبینہ خودکشی کی کوشش کی۔ خاتون نے پاکستان سٹیزن پورٹل پر 5 مرتبہ شکایات درج کی تاہم ایف آئی اے افسران نے کارروائی نہ کی۔خاتون اپنے شوہر کے ہمراہ ایف آئی اے کے خلاف شکایت لے کر وزیراعظم آفس پہنچ گئی۔ اس کی درخواست پر وزیراعظم آفس نے سخت ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ افسران کے خلاف سخت کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔