ملتان سلطانز کے ساتھ پی ایس ایل 6 کا فائنل میچ کونسی ٹیم کھیلے گی؟ فیصلہ ہوگیا
ابوظہبی(ڈیلی پاکستان آن لائن )پشاور زلمی نےاسلام آباد یونائیٹڈ کو آٹھ وکٹوں سے شکست دیکر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔
پشاور زلمی کی ٹیم نے 175 رنز کا ہدف 17ویں اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا،175رنز کے تعاقب میں پشاور زلمی کی پہلی وکٹ جلدی ہی گر گئی،وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل چھ گیندوں پر آٹھ رنز بناکر حسن علی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔تاہم ان کے بعد آنے والے جوناتھن ویلز نے اوپننگ بلے باز حضرت اللہ زازئی سے ملکر اچھی پارٹنر شپ قائم کی اور شاندار ففٹیاں سکور کیں۔دونوں بلے بازوں نے وکٹ کے چاروں جانب شاندار سٹوکس کھیلے۔حضرت اللہ زازئی 44 گیندوں پر 66 رنز بناکر محمد وسیم کی گیند پر آؤٹ ہوئے ان کی اننگز میں چھ چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔پشاور زلمی کی جانب سے جوناتھن ویلز 43گیندوں پر 55 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ان کی اننگز میں چھ چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔شعیب ملک 10گیندوں پر 32 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے انکی اننگز میں پانچ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
اسلام آباد کی ٹیم نےپشاور زلمی کو جیت کے لیے رنز 175کا ہدف دیا ہے۔اسلام آباد کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئےنو وکٹوں کے نقصان پر174 رنز بنائے۔اہم ترین میچ میں اسلام آباد کی ٹیم کو ابتدائی دھچکا لگا اور اوپننگ بلے باز عثمان خواجہ ایک رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔محمد اخلاق بھی جلد ہی پویلین لوٹ گئے انہوں نے پانچ گیندوں پر سات رنز بنائے انکی وکٹ محمد عمران نے حاصل کی۔ ابتدائی دو وکٹیں گرنے کے بعد برینڈن کنگ اور کولن منرو نے ذمہ دارا نہ بیٹنگ کرتے ہوئے سکور کو آگے بڑھایا۔تاہم برینڈن کنگ آٹھویں اوور کی آخری گیند پر 18رنز بناکر آؤٹ ہوگئے انکی وکٹ عماد بٹ نے حاصل کی۔اوپننگ بلے باز کولن منرو 44 رنز بناکر محمد عرفان کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔افتخار احمد 10 اور فہیم اشرف ایک رنز بناکر وہاب ریاض کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔شاداب خان 15 اور آصف علی آٹھ رنز بناکر عمید آصف کا نشانہ بنے۔تاہم آخری اوور ز میں حسن علی اور محمد وسیم کی دھواں دار بلے بازی نے اسلام آباد کی ٹیم کو اچھا ٹارگٹ سیٹ کرنے میں مدد کی۔ حسن علی 16 گیندوں پر 45 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے ،ان کی شاندار اننگز میں پانچ چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔محمد وسیم 11 گیندوں پر 17 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
پشاور کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا تھا۔پشاور زلمی کی ٹیم میں کپتان وہاب ریاض، حضرت اللہ زازئی، کامران اکمل، ولز، شعیب ملک، ردر فورڈ، عمید آصف، محمد عرفان ،پاول، احمد بٹ اور محمد عمران شامل ہیں۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں کپتان شاداب خان، کولن منرو، عثمان خواجہ، محمد اخلاق، افتخار احمد ، شاداب خان، آصف علی، عماد بٹ، فہیم اشرف، برینڈن کنگ، حسن علی اور محمد وسیم شامل ہیں۔