برطانوی وزیر برائے جنوبی ایشیالارڈ احمد کی پاکستان آمد

برطانوی وزیر برائے جنوبی ایشیالارڈ احمد کی پاکستان آمد
برطانوی وزیر برائے جنوبی ایشیالارڈ احمد کی پاکستان آمد

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )برطانوی وزیر مملکت برائے جنوبی ایشیا اور کامن ویلتھ اور تنازعات میں جنسی تشدد کی روک تھام کے لیے برطانوی وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی لارڈ طارق احمد دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ ان کے دو شہروں پر محیط اس دورے سے برطانیہ اور پاکستان کے مابین دوستی کو مزید تقویت ملے گی۔اس دورے کے دوران لارڈ احمد کی پاکستانی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری، وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چوہدھری محمد سرور سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔

ان ملاقاتوں کے دوران لارڈ احمد موسمیاتی تغیر سمیت عالمی طور پر درپیش آزمائشوں سے نمٹنے کے لیے ہماری منفرد دو طرفہ شراکت داری کے مزید استحکام کی اہمیت، کورونا سے متعلق حکمت عملی اور برطانیہ اور پاکستان کے درمیان تجارت کے حجم میں ممکنہ اضافے جیسے موضوعات پر تبادلہ خیال کریں گے۔ برطانیہ اس سال کے آخر میں اقوام متحدہ کے موسمیاتی تبدیلی پر اجلاس 'COP26' کی میزبانی کر رہا ہے۔ برطانیہ کے بہتری کے علم بردار کردار کے فروغ کے لیے وزیرِ مملکت مختلف مذہبی رہنماو¿ں بشمول اقلیتی رہنماوں سے بھی ملاقات کریں گے۔وبائی بیماری کے آغاز کے بعد لارڈ احمد کا یہ دورہ کسی برطانوی وزیر کا پہلا باقاعدہ دورہ ہے۔ یہ دورہ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کے اسلام آباد میں منعقدہ عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر کیے جانے والے حالیہ وڈیو خطاب کے فوراً بعد کیا جارہا ہے۔ اس خطاب کے بعد برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن اور پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے مابین بذریعہ فون گفتگو بھی ہوئی تھی۔

لارڈ احمد نے کہاہے کہ پاکستان میرے دل اور پس منظر سے قریب ایک ملک ہے، میرے پچھلے دورہ پاکستان کے بعد سے اب تک دنیا میں بہت تبدیلیاں عمل پذیر ہو چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا کی وجہ سے ہونے والے نقصانات اور ان دوریوں نے ہم سب کو متاثر کیا ہے۔ لیکن یہ وبائی بیماری ہمیں قریب بھی لائی ہے۔ عالمی آزمائشوں سے نمٹنے کے لیے کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہونے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ میں اپنے دورے کے دوران ہماری اس بین الاقوامی دوستی کو استعمال کرتے ہوئے موسمی تغیر سے تحفظ ، ہمارے دونوں عظیم ممالک کے لئے زیادہ خوشحالی کے ساتھ بہتر طور پر از سرِ نو تعمیر ، ہمارے تمام لوگوں کا کورونا سے تحفظ، لڑکیوں کے لیے ضروری تعلیم کے حصول کو یقینی بنانے اور نفرت اور تعصب کے خلاف ڈٹ کر نبرد آزما ہونے جیسے موضوعات پر تباد لہ خیال کرنے کا خواہش مند ہوں۔ 

مزید :

قومی -