جماعت اسلامی نے حکومت کو بڑی پیشکش کردی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے نے کہاہے کہ حکومت اگر حیا کا کلچر پیدا کرنا چاہتی ہے تو اس کا خیر مقدم کیا جائے گا ,جماعت اسلامی حکومت کے ان عزائم کی تائید کرے گی، البتہ یہ بات واضح رہے کہ محض لباس ہی بے راہ روی کی وجہ نہیں ہے ، اس میں ٹی وی پر کمرشل اشتہارات ، مخلوط نظام تعلیم اور مخلوط پروگرامات بھی ایک وجہ ہیں ,ان چیزوں کی اصلاح بھی ضرور ی ہے جو بے راہ روی کا باعث بنتے ہیں, اس کی ذمہ داری صرف خواتین پر ہی نہیں ڈالی جاسکتی اس میں وہ مرد بھی شامل ہیں جو بے حیائی کے پروگرام ترتیب دیتے ہیں ۔
اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہاکہ خاتون اول پردے کے حوالے سے ایک مثال ہیں وہ ایک قدم آگے بڑھ کر ملک کے تعلیمی اداروں میں خواتین اور بچیوں کے ڈریس کو ڈ پر عملدرآمد کروانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔ تعلیمی اداروں میں بے راہ روی پر مبنی خواتین و مرد کے لباس پہننے پر پابندی عائد کی جائے اور ملک کے قومی وقار اور اسلامی تشخص کے مطابق لباس کے بارے میں احکامات جاری کیے جائیں.