اخوت سویڈن کے سالانہ اجلاس کا انعقاد
سویڈن، سٹاک ہوم(حافظ محمد عمران) اخوت سویڈن کا سالانہ اجلاس سٹاک ہوم میں منعقد ہوا جس میں اخوت کے نئے عہدیدار کا انتخاب کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اخوت سویڈن کے سالانہ اجلاس میں سویڈن کے دیگر شہروں میں مقیم اراکین نے اکثریت نے آن لائن شرکت کی۔
اجلاس میں اخوت سویڈن کے عہدیداروں نے گزشتہ سال کی کارکردگی پیش کرتے ہوئے کہا کہ اخوت واحد پاکستانی پس منظر رکھنے والی چیئرٹی تنظیم ہے جو سویڈن میں باقاعدہ رجسٹرڈ ہے اور ادارے کے لئے تمام ڈونیشن بینک اکاونٹ میں اکھٹی کی جاتی ہے جس کے تمام حساب کا مکمل ریکارڈ رکھا جاتا ہے اور قانون کے مطابق اس کی جانچ پڑتال بھی ہوتی ہے۔ اب اخوت کا پیغام سویڈن بھر میں پہنچ چکا ہے جس کو عوام کا بھر پور اعتماد حاصل ہے۔ جبکہ اخوت سویڈن کے اراکین اور مالی معاونین کی تعداد میں آئے روز اضافہ ہورہا ہے۔ اخوت سویڈن کے فنانس سیکرٹری مرزا قیصر نے سلائیڈز کی مدد سے گزشتہ سال کے حسابات پیش کئے اور شرکا کے سوالات کے جوابات دیئے۔ انہوں بتایا اخوت سویڈن نے 60 لاکھ روپے سے زائد خطیر رقم اخوت فاونڈیشن پاکستان کے فلاحی منصوبوں کے لئے بھیجے ہیں۔ سالانہ اجلاس میں شفقت کھٹانہ ایڈووکیٹ کو اخوت سویڈن کا الیکشن کمیشنر منتخب جبکہ عامر سلطان کو محاسب حسابات منتخب کیا گیا۔
اخوت سویڈن کے نئے عہدیداروں کا انتخاب بھی عمل میں لایا گیا جس کے مطابق صدر عارف محمود کسانہ، نائب صدر عمران کھوکھر، جنرل سیکرٹری ابرار اکبر، جوائینٹ سیکرٹری مسسز لوہسر اور فنانس سیکرٹری قیصر مرزا اور اراکین بورڈ کے لئے مسعود منہاس، ہما ڈار، میر عاقل خان، شہاب قادری اور ڈاکٹر شاہد محمود منتخب کئے گئے۔ نومنتخب اراکین نے اپنے انتخاب پر اراکین کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ وہ اپنے فرائض ذمہ داری سے ادا کریں گے تاکہ پاکستان میں مستحق افراد کی مزید مدد کی جاسکے۔ نومنتخب اراکین نے اس عزم کا اظہار کہا کہ ہم سویڈن کے دوسرے شہروں میں مقامی کمیٹیاں تشکیل دیں گے تاکہ وہاں بھی اخوت کا پیغام بھر پور انداز میں پھیلایا جاسکے۔ اخوت کے پیغام کو مزید عام کرنے کے لئے کاروباری طبقہ، خواتین اور بچوں کی کمیٹیاں بنائی جائیں گی تاکہ ہر طبقہ کی بھر پور نمائندگی ہوسکے۔ ہم مستقبل میں استعمال شدہ کپڑے سویڈن سے اکٹھے کرکے پاکستان میں مستحق افراد کو مفت تقسیم کرنے کا بھی ادارہ رکھتے ہیں۔ آن لائن شریک اراکین نے بھی مختلف تجاویز دیں۔ اجلاس کے شرکا نے اخوت فاونڈیشن پاکستان کے چئرمین ڈاکٹر محمد امجد ثاقب کی قیادت پر مکمل اعتماد اظہار کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ محمد امجد ثاقب اپنے فلاحی کاموں کے باعث پاکستان کی ایک غیر متنازعہ، مقبول اور عوام کے لئے محبوب شخصیت ہیں۔